پریکٹس میچز کے دوران قومی باﺅلرز کو ایسا کیا کرنا پڑا کہ اظہر علی کو اوور ریٹ کا مسئلہ ستانے لگا؟ آپ بھی جانئے

پریکٹس میچز کے دوران قومی باﺅلرز کو ایسا کیا کرنا پڑا کہ اظہر علی کو اوور ریٹ ...
پریکٹس میچز کے دوران قومی باﺅلرز کو ایسا کیا کرنا پڑا کہ اظہر علی کو اوور ریٹ کا مسئلہ ستانے لگا؟ آپ بھی جانئے

  

ووسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران اوور ریٹ کا مسئلہ ستانے لگا ہے جن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سائے میں بحال ہونے والی کرکٹ میں کچھ مسائل تو ہیں لیکن کھلاڑی جلد عادی ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اظہر علی نے کہا کہ باﺅلرز کو اپنی جرسی اور کیپ وغیرہ خود باﺅنڈری لائن کے باہر چھوڑ کر آنا پڑ رہی ہے جس کیلئے انہیں کافی فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے، اس وجہ سے اوور ریٹ کم رہنے کا مسئلہ بھی ہو گا، اس کے علاوہ بھی مسائل ہیں لیکن کھلاڑی جلد عادی ہوجائیں گے، تمام کھلاڑی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ 3 ماہ گھروں میں رہنے کے باوجود فٹنس کا معیارقابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد میدان میں واپس لوٹنا آسان نہیں ہوتا مگر کھلاڑیوں کے عزائم بلند ہیں،ہم نے چار روز نیٹ میں ٹریننگ کی لیکن پریکٹس میچ میں فارم اور فٹنس کا مظاہرہ کرکے زیادہ اعتماد حاصل ہوا، ٹیم مینجمنٹ نے ڈربی روانگی سے قبل ووسٹر میں ایک اور پریکٹس میچ بھی شیڈول کیا ہے۔ اظہر علی نے کہا کہ مجھے نوجوان پیسرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کی عمدہ لائن اور لینتھ نے متاثر کیا، سینئر فاسٹ باﺅلر محمد عباس کی انگلش کنڈیشنز سے واقفیت اور کاﺅنٹی کرکٹ کا تجربہ بھی کارآمد ثابت ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرا سکواڈ میچ کے دوران چلنے والی تیز ہوا نے باﺅلرز کیلئے مشکلات پیدا کیں مگر امید ہیں کہ جلد خود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کر لیں گے، بابراعظم میچ کے دوران اچھی فارم میں نظر آئے، نائب کپتان کے ساتھ اسد شفیق نے بھی جس پراعتماد انداز سے بیٹنگ کی وہ قابل تعریف ہے، عابد علی اور شان مسعود نے بھی دن کے آغاز میں مشکل کنڈیشنز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اظہر علی نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے سکواڈ کو تاخیر سے جوائن کیا مگر ان کی بیٹنگ میں بھی ڈسپلن نظر آیا ہے۔

مزید :

کھیل -