ششانت سنگھ راجپوت کے بعد بھارت کے ایک اور اداکار نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

ششانت سنگھ راجپوت کے بعد بھارت کے ایک اور اداکار نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی
ششانت سنگھ راجپوت کے بعد بھارت کے ایک اور اداکار نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی

  

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ اداکار ششانت سنگھ راجپوت کے بعد اب ایک اور بھارتی اداکار نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے، ٹی وی اداکار ” سشیل گوڑا “ اپنے آبائی شہر ” منڈیا“ میں فارم ہاﺅس میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 32 سالہ اداکار سشیل گوڑا کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے اور کہاہے کہ شک ہے کہ سشیل نے خود کشی کی ہے کیونکہ جب سے لاک ڈاﺅن شروع ہوا ہے ان کے پاس کرنے کیلئے کوئی کام نہیں تھا ۔ وہ ایک فلم میں بھی اداکاری کر چکے تھے جو کہ کچھ عرصے میں ریلیز ہونے والی ہے تاہم اب ان کی موت فلم کی ریلیز سے قبل ہی ہو گئی ہے ۔

30 سالہ سشیل نے سات جولائی کو خودکشی کی تھی ، وہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ فٹنس ٹرینر بھی تھے۔ انہوں نے رومانٹک سیریل انت پورہ میں بھی کام کیا تھا۔ وہ کنڑ فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کررہے تھے۔ آنے والی فلم سلگا میں سشیل ایک پولیس اہلکار کے کردار میں نظر آنے والے تھے۔ اس فلم میں اداکار دنیا وجے لیڈ رول ادا کررہے ہیں۔

سشیل گوڑا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دنیا وجے نے کہا کہ جب میں نے پہلی مرتبہ اس کو دیکھا تھا ، تو مجھے وہ ہیرو کی طرح لگے تھے۔ فلم ریلیز ہونے سے پہلے ہی وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ خودکشی کرنا کسی پریشانی کا حل نہیں ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس سال موت کا سلسلہ نہیں رکے گا۔ صرف کورونا کی وجہ سے ایسا نہیں ہورہا ہے۔ لوگوں کی نوکری جارہی ہے۔ اس مشکل گھڑی سے نکلنے کیلئے اس وقت مضبوط ہوکر رہنے کی ضرورت ہے۔

مزید :

تفریح -