بلین ٹری پروجیکٹ کے بعد یہ منصوبہ پاکستان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا،علی امین گنڈا پور نے بڑا دعویٰ کردیا 

بلین ٹری پروجیکٹ کے بعد یہ منصوبہ پاکستان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا،علی ...
بلین ٹری پروجیکٹ کے بعد یہ منصوبہ پاکستان میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا،علی امین گنڈا پور نے بڑا دعویٰ کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنےوزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ملک بھر میں 15نیشنل پارکس بنانے کے اقدامات کو زبردست کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے ویژن کو حقیقت کا روپ دینے میں بے پناہ مدد ملے گی،بلین ٹری پروجیکٹ کے بعد  یہ منصوبہ پاکستان میں ماحولیات اورجنگلی حیات کے تحفظ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیا جس میں وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان،ایڈیشنل سیکرٹری وزارت امور کشمیر کے علاوہ گلگت بلتستان کے وزیر جنگلات،سیکرٹری جنگلات گلگت بلتستان،والڈ لائف اور فیشریز آزاد کشمیر کے اعلیٰ احکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں 15نیشنل پارکس قائم کرنے کے فیصلے کے حوالے سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نیشنل پارکس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس کو بتایاگیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان برفانی چیتے، مار خور،آئی بیکس،مارکو پولو شیپ،بلیوشیپ،کستوری ہرن اور دیگر نایاب جانوروں کے حوالے سے پوری دنیا میں ایک خاص مقام رکھتا ہے جن کی افزائش کے لئے وزیر اعظم کا یہ اقدام بہت مفید ثابت ہو گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ نیشنل پارکس کو بین الاقوامی طرز کے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز(ایس او پیز) کے مطابق بنائے جائیں اور اس ضمن میں مکمل منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ منصوبے کے ذریعے گلگت بلتستان کی لوکل کمیونٹی کو اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا جس سے گلگت بلتستان کے مار خور جیسے نایاب جانوروں کی افزائش میں بے پناہ مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارکس میں لوکل کمیونٹی کی شمولیت نایاب جانوروں کی افزائش میں اہم ثابت ہو گی،اعلان کردہ نیشنل پارکس میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کی جائے جس میں جنگلی حیات اور ماحول کے تحفظ اور سیاحت کی ترقی کے درمیان مثالی توازن قائم کیا جائے۔وفاقی وزیر نے نیشنل پارکس میں مخصوص بریڈنگ سینٹرز کے قیام پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے نایاب جنگلی حیات کی نسلی افزائش کا عمل تیز کیا جا سکتا ہے،وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیشنل پارکس قائم کرنے کے اقدامات سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ماڈل نیشنل پارکس قائم کیے جائیں گے جو نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی مخصوص شناخت قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کے بعد نیشنل پارکس کا منصوبہ پاکستان کی پہچان بنے گا جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ایک امتیازی حثیت حاصل ہو گی، پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے اس میں جدت لانی ضروری ہے،حکومت سیاحت کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج جلد قوم کے سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔