پاکستان میں جدید ترین کورونا ہسپتال کا افتتاح کردیا گیا،یہ کس شہر میں بنایا گیااور یہاں مریضوں کو کیا کیا سہولیات فراہم ہوں گی؟تفصیل جان کر آپ کا دنگ ہونا یقینی ہے 

 پاکستان میں جدید ترین کورونا ہسپتال کا افتتاح کردیا گیا،یہ کس شہر میں بنایا ...
 پاکستان میں جدید ترین کورونا ہسپتال کا افتتاح کردیا گیا،یہ کس شہر میں بنایا گیااور یہاں مریضوں کو کیا کیا سہولیات فراہم ہوں گی؟تفصیل جان کر آپ کا دنگ ہونا یقینی ہے 

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نےپشاور میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے اپنی نوعیت کےپہلےاورمنفردہسپتال کاافتتاح کردیا،اس ہسپتال میں وینٹی لیٹرز،مانیٹرز،آکسیجن،اے بی جی مشینوں اور انفیوژن پمپس سمیت کورونا کے نازک مریضوں کےلئےعلاج معالجےکےہرقسم کےآلات اورسہولیات دستیاب ہیں،یہ ایک ماڈل ہسپتال ہے جو بین الاقوامی ایس او پیز اورگائیڈ لائنز کے مطابق قائم کیا گیا ہے،ابتدائی طور پر یہ ہسپتال60بستروں پر مشتمل ہے، ایک مہینے بعد  ہسپتال کی استعداد کو 110بستروں تک بڑھا دیا جائیگا،ہسپتال 37آئسولیشن، 16 ہائی ڈیپنڈنسی اور 5 آئی سی یو بیڈزپرمشتمل ہے۔

افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے اس ہسپتال کے قیام کو کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ہسپتالوں کی استعداد کارکو بڑھانے کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی ایک اہم کامیابی اور ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کے قیام سے نہ صرف صوبے کے تدریسی ہسپتالوں پر کورونا مریضوں کا دباؤ کم ہو جائیگابلکہ کورونا کے نازک مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات بھی میسر ہوگی۔

کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے حکومتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتداء میں کورونا کے حوالے سے ہمارے ہسپتالوں کی استعداد نہ ہونے کے برابر تھی لیکن ہم نے دن رات کوششیں کرکے قلیل عرصے میں ان ہسپتالوں کی استعداد کو خاطر خواہ حد تک بڑھا دیا ہے اور مزید بڑھانے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت مرحلہ وار اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،صوبائی حکومت کورونا کے چیلنج کو صوبے کےہسپتالوں کی استعداد کو بڑھانےکےلئےایک اچھے موقع میں بدلنے کے لئےٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے،ابتداء میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد چالیس ٹیسٹس یومیہ تھی جسے اب چار ہزار تک بڑھا دیا گیا ہے،صوبائی حکومت نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں 210بستروں پر مشتمل ایک اور ہسپتال کے قیام پر کام کر رہی ہے اور عنقریب یہ ہسپتال کورونا مریضوں کے لئے کھول دیا جائیگا۔

کورونا وبا کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش اور امتحان قرار دیتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ ہم اس سے لڑ نہیں سکتے لیکن اس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے لوگوں کو محفوظ بنانے کیلئے کوششیں کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری عالمی دنیا کے لئے ایک چیلنج ہے جس نے بڑی بڑی طاقتوں کو بھی مشکل سے دوچار کیاہے۔ کورونا وبا سے مؤثر انداز سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر قائم نیشنل کورآرڈینیشن کمیٹی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت میں یہ فورم وفاق کی تمام اکائیوں کی اتفاق رائے سے ایک مؤثر لائحہ عمل کی تشکیل اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اہم کردار اد ا کر رہے ہیں جس کی بدولت ملک میں کورونا وبا کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کو روکنے میں بڑی حد تک کامیابی ملی ہے۔

محمود خان نے کہا کہ حکومت بیک وقت دو مختلف محاذوں پر اقدامات کر رہی ہے ایک طرف کورونا وبا کے پھیلاؤ کوروکنے کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں تو دوسری طرف لوگوں کو بھوک اور افلاس سے بچانے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں،حکومت اس سلسلے میں جو بھی اقدامات اٹھا رہی ہے وہ عوام کی بھلائی اور فائدے کے لئےاٹھا رہی ہے،تمام شہری اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس ہسپتال کے قیام کے سلسلے میں تعاون فراہم کرنے پر صوبائی حکومت کی طرف سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی، ایم ای آر ایف اور دیگر پارٹنر اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ محمود خان نے صوبے کے ہسپتالوں کی استعداد کو بڑھانے کے لئے دن رات کام کرنے پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور اس کی پوری ٹیم جبکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دینے کے سلسلے میں مشیر اطلاعات اجمل وزیر اور اس کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -کورونا وائرس -