پولیس والے کا قتل، تفتیش کرنے والوں نے اس کی ہتھیلی دیکھی تو قاتلوں کا سراغ مل گیا، پکڑے گئے
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست ہریانہ میں گزشتہ دنوں رات کی ڈیوٹی پر موجود دو پولیس اہلکاروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کے پوسٹ مارٹم کے دوران ڈاکٹر نے ایک مقتول کی ہتھیلی دیکھی تو اس پر ایسی چیز تحریر تھی کہ پولیس نے اس کی مدد سے نامعلوم قاتلوں کو فوری گرفتار کر لیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہریانہ میں ضلع سونی پت کے علاقے بوٹانا میں پیش آیا جہاں 4مردوں اور 2خواتین کا گروپ عوامی جگہ پر شراب نوشی کر رہا تھا۔ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں 34سالہ کیپٹن سنگھ اور28سالہ رویندر کمار نے ان سے پوچھ گچھ کی کوشش کی تو وہ ان سے الجھ پڑے۔ اسی جھگڑے میں اس گروپ کے لوگوں نے دونوں پولیس والوں کو گولیاں مار دیں اور وہاں سے فرار ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق کانسٹیبل رویندر سنگھ نے گولیاں لگنے کے باوجود حاضر دماغی سے کام لیا اور اس گروپ کی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اپنی ہتھیلی پر لکھ دیا، جس کے فوری بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔ جب ان کی لاشیں اٹھا کر پوسٹ مارٹم کے لیے لیجائی گئیں تو ڈاکٹر نے رویندرکی ہتھیلی پر گاڑی کا نمبر دیکھ کر تفتیش کاروں کو اس سے آگاہ کیا جنہوں نے اس گاڑی کو ٹریس کرکے 6ملزمان میں سے 5کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کر لیا ہے جبکہ چھٹے کی تلاش جاری ہے۔