کورونا وائرس میں مبتلا شاہ محمود قریشی کی صحت کیسی ہے اور وکی پیڈیا پر ان کی پروفائل کس نے ایڈٹ کی؟وزیر خارجہ خود ہی بول پڑے

کورونا وائرس میں مبتلا شاہ محمود قریشی کی صحت کیسی ہے اور وکی پیڈیا پر ان کی ...
کورونا وائرس میں مبتلا شاہ محمود قریشی کی صحت کیسی ہے اور وکی پیڈیا پر ان کی پروفائل کس نے ایڈٹ کی؟وزیر خارجہ خود ہی بول پڑے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پروفائل ایڈٹ ہونے کے بعد اپنی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی سچائی نہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ "ضررساں" عناصر نے وکی پیڈیا پر ان کی پروفائل ایڈٹ کی تھی،بہت سی پیچیدگیاں پیدا کی گئیں جس سے میرے پیاروں اور اہلخانہ کو تکلیف پہنچی،انہیں فون کالز بھی موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں۔خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پر کی گئی تبدیلیوں کی وضاحت نہیں کی تھی تاہم پیج کی ہسٹری سے ظاہر ہوتا ہے کہ 5 جولائی کو کی جانے والی تبدیلی میں یہ عکاسی کی گئی تھی کہ وزیر خارجہ 4 جولائی کو 'انتقال' کرگئے تھے۔مزید برآں وزارت خارجہ سے بھی شاہ محمود قریشی کی پروفائل میں کی گئی تبدیلیوں سے متعلق بیان جاری کیا گیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہم ضررساں عناصر کی جانب سے وزیر خارجہ کے وکی پیڈیا پیج کو ہیک کرنے اور سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وزیر خارجہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، بیرون ملک اور تمام افراد کی جانب سے ان کے لیے دعائوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔خیال رہے کہ 3 جولائی کو شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کہ انہیں ہلکا بخار ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ 'اب میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لیکن اللہ کے کرم سے میں خود کو مضبوط اور توانا محسوس کر رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں گھر سے اپنے فرائض انجام دیتا رہوں گا جبکہ عوام سے درخواست ہے کہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں۔

مزید :

قومی -