وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت مخالف جماعتوں کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا،ایسا کام کرنےکا اعلان کہ اپوزیشن جماعتیں سٹپٹا اٹھیں گی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ایک مرتبہ پھر مل کر پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کا مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اورسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز ا لٰہی کی 2 ہفتوں میں تیسری مرتبہ ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک بار پھر مل کر ساتھ چلنے اور پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کا مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے پنجاب اسمبلی کے نئے بلاک کی تعمیر سمیت سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں مسلم لیگ (ق)کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر سکے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےچوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا اور اسے دیوالیہ کیا گیا،وہ پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور مل کر فلاح عامہ کے لیے کام کرتے رہیں گےاور جھوٹا پراپیگنڈا کرنے والوں کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔