محکمہ بلدیات نے نکاسی آب کیلئے مشینری فعال کر دی،ڈاکٹر ارشاد احمد
لاہور (اپنے نمائندہ سے)سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشیں ہو رہی ہیں جس کے پیش نظر محکمہ بلدیات نے نکاسی آب کے لیے مکمل مشینری فعال کر دی ہے وہ مون سون بارشوں کے انتظامات کے حوالے سے چیف افسران سے ویڈیو لنک کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت تمام ڈویژنز میں 1245 ڈی واٹرنگ سیٹس فعال ہیں۔ 1081ٹریکٹرز،671ٹرالیاں اور 115 جیٹنگ مشینیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ اس کے علاو¿ہ 129 سکر مشینیں اور 472فوگ مشینیں نکاسی آب آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور 1044 سپرے پمپس شدید بارشوں کے سبب مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر ارشاد احمد نے چیف افسران کو ہدایات کیں کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
نکاسی آب کے انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کی جانب سے بروقت نالوں کی صفائی اور خراب مشینری کی مرمت کروا لی گئی تھی جو اب مون سون کی بارشوں میں استعمال کی جا رہی ہے سیکریٹری بلدیات نے چیف افسران کو کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی حکومتیں پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں