اتحادیوں کی کارکردگی زیرو، آئی ایم ایف معاہدہ قوم کے سامنے لایا جائے : سراج الحق 

اتحادیوں کی کارکردگی زیرو، آئی ایم ایف معاہدہ قوم کے سامنے لایا جائے : سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ قوم کے سامنے لایا جائے ،13سیاسی جماعتیںمل کر معیشت ٹھیک کرسکیں نہ ان سے مہنگائی اور بے روزگاری کم ہوئی، اتحادیوں کی 15ماہ کی کارکردگی زیرو ہے، جن وعدوں اور دعوﺅں پر پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی نے مرکز میں حکومت بنائی ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا، عوام اسی طرح بے یارومددگار ہیں جیسے سابقہ ادوارمیں تھے۔ حقیقی تبدیلی کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ سے آئے مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماﺅں اور کارکنوں کی منصورہ میں جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع اوکاڑہ ڈاکٹر بابر رشید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے وفد کو مبارکباد دی اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے بھرپور جدوجہد کی تلقین کی۔ قبل ازیں انہوں نے منصورہ میں ہی مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت سے سویڈن کا معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کرے اور مطالبہ کیا کہ شعائر اسلام کے تحفظ اور اسلاموفوبیا کے خلاف موثر حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے او آئی سی کا فوری اجلاس بلایا جائے۔انھوں نے کہا کہ سویڈن میں سرکاری سرپرستی میں قرآن کریم کی توہین امت مسلمہ کی غیرت کے لیے چیلنج ہے اس پر خاموش نہیں رہ سکتے، قرآن کی عزت اور عظمت کے تحفظ کے لیے جانیں نچھاور کردیں گے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک کے مسائل کی وجہ دین سے دوری ہے، پاکستان اسلام کے نام پر آزاد ہوا اور اسلامی نظام ہی اسے بچا سکتا ہے۔ فوجی مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار کے رنگ برنگے تجربات سے ترقی کی بجائے تنزلی آئی۔ 75برسوں میں ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، حکمرانوں کی شوگر ملوں اور آف شور کمپنیوں میں اضافہ ہوا، عوام غریب سے غریب تر ہوتے گئے۔ 
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -