پاکستان 2025تک پانی کی قلت کا شکار ہوجائیگا ، شیری رحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان سے سوئٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ اگنازئیو کاسیس نے ملاقات کی اس موقع پر ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب نتھیا گلی میں ہوئی ،جس میں وزیراعظم شہباز شریف ،معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ،ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں، فوری امدادی کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات میں تعاون پر گفتگو کی گئی، دونوں ممالک نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحولیاتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہمارے گلیشیئر بہت تیزی سے پگھل رہے ہیں، پاکستان 2025 تک پانی کی قلت کا شکار ہو جائے گا، ، ہم اس وقت لاہور میں شدید مون سون بارشوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں، ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے کئی منصوبے شروع کیے ہیں، ہم نیشنل ایڈاپٹیشن، مٹیگیشن، صنفی ایکشن پلان، گلاف، لیونگ انڈس اور دیگر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ہم نے نیشنل کلین ایئر پالیسی، سنگل یوز پلاسٹک، نیشنل ہیزرزڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر پالیسیز متعارف کرائی ہیں، ہمارا ماحولیاتی صنفی ایکشن پلان خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے بنایا گیا ہے۔، گزشتہ سال سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے۔ پاکستان اب بھی جنیوا میں کیے گئے وعدوں کا منتظر ہے، کوپ 28 کے صدر نے کلائمیٹ فنانسنگ میں تیزی اور پیمانے میں اضافے کو یقینی بنانے کا اعادہ کیا۔
شیری رحمان