معاشرہ میں کوئی بھی شخص کسی دوسرے سے افضل نہیں ، گورنرسندھ 

  معاشرہ میں کوئی بھی شخص کسی دوسرے سے افضل نہیں ، گورنرسندھ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ ادارہ کے لئے کشور زہرہ اور تمام عہدیداران و رضاکاروں کی خدمات قابل تعریف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شخص کسی دوسرے سے افضل نہیں ، ہر انسان برابری کے سلوک کا حقدار ہے ،کسی شخص کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی بھی بنیاد پر کسی کو کم تر اور کسی کو افضل سمجھے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لئے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں سہولیات کا ہونا خوش آئند ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ خصوصی افراد گائیکی کے شعبہ کے ساتھ ساتھ دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں اگر ان کو سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ یقینا عام لوگوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکتے ہیں، بہت سے بچے معذوری کے باعث سوچنا اور کوشش کرنا چھوڑ دیتے ہیں،ہم سب کو معذور لوگوں کا سہارا بننا چاہئے، تاکہ انہیں احساس کمتری نہ ہواور میری ہر ممکن کوشش ہوگی کہ ان کی سرپرستی کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی ڈبلیو اے کی پوری ٹیم کا ایک بہتر معاشرے کی کاوشوں میں سرگرم ہونا قابل تحسین عمل ہے ،دنیا میں وہ لوگ ہمیشہ قابل تعریف ہوتے ہیں جو دوسروں کو آگے بڑھاتے ہیں۔کامران خان ٹیسوری سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتا ن سرفراز احمد نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں کرکٹ کے فروغ ، نوجوان کرکٹرز کی تربیت ، حکومتی اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کے شہری کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاو رکھتے ہیں، شہر میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی پر شائقین کی خوشی دیدنی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور ہر شعبہ میں کچھ کرنے کا جنو ن رکھتے ہیں ،ضرورت ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ہے اس ضمن میں شہر میں نوجوان کرکٹر ز کے لئے مختلف اکیڈمیز کام کر رہی ہیں شہر کی ان اکیڈمیز میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جارہا ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس شہر نے محمدبرادران ، جاوید میاں داد سمیت کئی عالمی معیار کھلاڑی مہیا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کرکٹ کا فروغ میرا مشن بھی ہے اس لئے کرکٹ کے فروغ کے لئے میری خدمات ہر وقت حاضر ہیں۔سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گورنرسندھ کی کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی خوش آئند ہے جبکہ کرکٹ کے فروغ کے لئے گورنرسندھ کا تعاون شاندار ہے ۔