بے اولادی کے طعنوں سے تنگ شخص کے ہاتھوں 3افراد قتل

لدھیانہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر ایک ہی خاندان کے تین افراد کو ہتھوڑے سے قتل کردیا ہے۔ مذکورہ شخص پر الزام ہے کہ اس نے یہ اقدام بے اولادی کے طعنوں سے تنگ آکرکیا
بھارتی میڈیا کے مطابق 46 سالہ شخص کو سلیم تبری کےعلاقے سے گرفتار کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم رابن عرف مُنا مرنے والے افراد کا پڑوسی ہے۔
بھارتی پولیس کے مطابق متاثرہ افراد میں ایک خاتون، اس کا شوہر اور اس کی ساس شامل ہیں۔
مُنا نامی شخص پیشے کے اعتبارسے ایک رکشہ ڈرائیور ہے، جو ناراض تھا کیونکہ سُریندر کور اسے بے اولادی اورعلاج کروانے پر تنگ کرتی تھی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ وہ ناراض تھا کیونکہ سُریندر کور اِس کی بیوی کے سامنے یہ ذکر کرتی تھی۔
مندیپ سنگھ سدھو نے بتایا کہ جمعرات کی صبح غصے میں آکر مُنا نے سُریندر کور(عمر تقریباً 70 سال)، اس کے شوہر چمن لال (75 سال) اور اس کی ساس (عمر تقریباً 90 سال) پر ہتھوڑے سے حملہ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد مُنا نے کوئی پچھتاوا نہیں ظاہر کیا ، اس نے یہ بھی درخواست کی کہ اس کی بیوی کو بھی گرفتار کیا جائے، کیونکہ اس کے بعد اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ مُنا نے جرم کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔