سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس 353.41پوائنٹس بڑھ گیا، انٹر بینک میں ڈالر مہنگا 

  سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس 353.41پوائنٹس بڑھ گیا، انٹر بینک میں ڈالر مہنگا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

                                                                                    کراچی(این این آئی) وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف سے رواں ماہ نئے قرض پروگرام کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بیان اور مثبت سینٹی منٹس کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 80500 پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب 51 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 81ارب 97کروڑ 97لاکھ 11ہزار 74روپے کا اضافہ ہوگیا۔کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے قبل اسٹاک مارکیٹ کی عمارت میں آتشزدگی کے باوجود ٹریڈنگ اوپن رکھی گئی لہذا کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی 237پوائنٹس کی تیزی ہوئی تاہم 10فیصد سے زائد اسٹاک بروکرز کو لاگن ہونے میں مشکلات کے پیش نظر 10بجکر 25منٹ پر کاروباری سرگرمیاں معطل کردی گئیں اور اس وقت مارکیٹ میں 28پوائنٹس کی تیزی تھی، دو گھنٹے بعد 12بج کر 25منٹ پر ٹریڈنگ بحال کی گئی۔کاروباری دورانیے میں ایک موقع 21پوائنٹس کی مندی بھی رہی لیکن معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے دوران سرمایہ کاری کے شعبوں کی جانب سے شعبہ جاتی بنیادوں خریداری سرگرمیوں کے نتیجے میں تیزی برقرار رہی  جس کے باعث ایک موقع پر 525پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 353.41 پوائنٹس کے اضافے سے 80566.21 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 78.18پوائنٹس کے اضافے سے 25790.02پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 494.28 پوائنٹس کے اضافے سے 128293.01پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 52فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ 16لاکھ 49ہزار 614 حصص کے سودے ہوئے۔دریں اثناعالمی سطح پر خام تیل خصوصا عرب لائٹ کروڈ آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پیر کو بھی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں  اتارچڑھا کے بعد اضافے کا رحجان رہا۔سروسز ایکسپورٹس میں اضافے  اور سسٹم میں انفلوز بڑھنے کے باوجود انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کاروبار کے اختتام پر13پیسے کے اضافے سے 278روپے 50پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280روپے 50پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ اول -