سکردو میں سیلابی صورتحال 

سکردو میں سیلابی صورتحال 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 گلیشیئر پگھلنے سے سکردو میں آنے والے سیلاب سے درجنوں مکانات اور سینکڑوں کنال اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گلیشیئر پگھلنے سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے برگی نالے کے قریب واقع متعدد دیہات متاثر ہوئے، پانی کی فراہمی اور آبپاشی کے ذرائع کو بھی نقصان پہنچا جبکہ سیلابی پانی سے گھروں کو نقصان پہنچنے سے درجنوں خاندان بے گھر ہو گئے۔ دوسری جانب سکردو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لوگوں نے نالے پر تجاوزات قائم کر رکھی تھیں جس کی وجہ سے پانی کا راستہ بند ہوا، اِس کی ذمہ داری تجاوزات بنانے والوں پر عائد ہوتی ہے، تجاوزات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کے علاوہ غیر قانونی عمارتوں کو مسمار بھی کیا جائے گا۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ اگر ایسا تھا تو انتظامیہ نے پہلے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی۔ موسمی حالات پر تو متعلقہ محکموں کی جانب الرٹ بھی جاری ہو چکے تھے اور گلیشیئر پگھلنے کی پیشگی اطلاعات بھی تھیں تو مناسب اقدامات نہ کرنا غفلت اور نا اہلی کے مترادف ہے۔ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ اِس معاملے کی مکمل تحقیقات کروائے اور ذمہ داروں کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کے ساتھ ساتھ متاثرین کی بحالی کے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -