سیکیورٹی سسٹم فرسودہ، لاہور ایئرپورٹ رن وے میں بڑا کریک ،قومی ایئر لائن کے کتنے طیارے آپریشنل کتنے گراؤنڈ ہیں ۔۔؟بریفنگ میں اہم انکشافات

سیکیورٹی سسٹم فرسودہ، لاہور ایئرپورٹ رن وے میں بڑا کریک ،قومی ایئر لائن کے ...
سیکیورٹی سسٹم فرسودہ، لاہور ایئرپورٹ رن وے میں بڑا کریک ،قومی ایئر لائن کے کتنے طیارے آپریشنل کتنے گراؤنڈ ہیں ۔۔؟بریفنگ میں اہم انکشافات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سیکیورٹی سسٹم فرسودہ، لاہور ایئرپورٹ رن وے میں بڑا کریک ،اسلام آباد ایئرپورٹ پر 2طیارے ایک ساتھ اُتر نہیں سکتے،قومی ایئر لائن کے کتنے طیارے آپریشنل کتنے گراؤنڈ ہیں ۔۔؟قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن  کےاجلاس میں بریفنگ میں اہم انکشافات  سامنے آئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس نوابزادہ افتخار احمد خان بابر کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکان قومی اسمبلی پر مشتمل 20رکنی اسٹینڈنگ کمیٹی کو ایوی ایشن ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پربتایا گیا کہ پی آئی اے کے پاس 34جہاز ہیں جن میں سے 12گراؤنڈڈ ہیں جبکہ 22جہاز آپریشنل ہیں۔ پی آئی اے میں 10ہزار 323افرادکام کر رہے ہیں۔ ادارے میں 7ہزار 399ریگولر ملازمین ہیں۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر 2طیارے ایک ساتھ اُتر نہیں سکتے کیونکہ رن وے کا مسئلہ ہے۔ لاہور ایئرپورٹ رن وے میں بڑا کریک ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی بغیر ڈی جی کے کئی ماہ سے کام کر رہی ہے۔ ایئرپورٹس کے پارکنگ ایریاز کا سٹینڈرڈ برقرار نہیں ہے۔ سیکیورٹی کا سسٹم فرسودہ ہے۔

"جنگ " کے مطابق اجلاس میں پائلٹس کے لائسنسز کے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی گئی۔ کمیٹی نے اسلام آباد ائر پورٹ کا دورہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا یکم مئی 2018ء کو اُس وقت کے وزیر اعظم شا ہد خاقان عباسی نے وفاقی وزیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی شخصیات اوراعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے پہلی اترنے والی پرواز کے مسافروں کا استقبال کیا اور ٹرمینل بلڈنگ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کیا ۔ اجلاس کی رپورٹ قومی اسمبلی کو پیش کی جائے گی۔اجلاس میں ایوی ایشن سیکٹر کے اہم مسائل پر بحث کی گئی اوران مسائل کے حل کے لیے کئی اہم فیصلے بھی کیے۔