تعلیم کیلئے 31 ارب 30کروڑ روپے مختص،دانش سکول پراجیکٹ جاری
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب نے مالی سال 2012-13ءکے بجٹ میں صوبائی سطح پر شعبہ تعلیم کے لئے 31 ارب 30 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں سے دانش سکولوں کے لئے 2 ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔ پرائمری اور مڈل سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے 4 ارب روپے کی رقم، طالبات کے مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کرکے ہائی سکول بنانے کے منصوبوں کے لئے 52 کروڑ روپے، سائنس لیبارٹریوں کے قیام کے لئے 20 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔ اسی طرح ٹیوٹا کے ترقیاتی بجٹ کے لئے ایک ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے لئے 6 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔ یاد رہے رواں مالی سال 2011-12ءمیں مجموعی طور پر حکومت پنجاب نے ضلعی حکومتوں سمیت تعلیم کے شعبے پر تقریباً 172 ارب روپے کی رقم صرف کی ہے۔