ایس این جی پی ایل کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) سوئی نادرن گیس پائپ لائن کے ایم ڈی عارف حمید نے کہا ہے کہ ایس این جی پی ایل کرکٹ ‘ ہاکی‘ فٹ بال اور دیگر کھیلوں کو پہلے ہی سپورٹ کر رہی ہے جبکہ کرکٹ قومی ٹیم میں ان کے ادارے کے معروف کھلاڑی مصباح الحق‘ اظہر علی ‘ عبدالحفیظ میں کھیل رہے ہیں جبکہ فٹبال ‘ ہاکی کی ٹیمیں بھی تشکیل دی جاچکی ہیں۔ ان کے علاوہ اس وقت ٹینس کی قومی چمپئن شپ بھی نادرن گیس کے زیر اہتمام گزشتہ روز شروع ہوگئی ہے۔ یہ مقابلے12جون تک جاری رہینگے اور ایس این جی پی ایل کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایس این جی پی ایل کے ہیڈکوارٹر میں ٹینس کی منعقدہ افتتاحی تقریب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنا منٹ میں نمایاں کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں میں ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کے نقد انعامات دئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ چمپئن شپ میں خواتین ومرد 200کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو اپنے ہاں نوکری دینے پر بھی غور کیا جائیگا۔ انفراسٹرکچر قائم کرنے کے سوال پر عارف حمید نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے زمین مل جائے تو اس پر سٹیڈیم ہم تعمیر کردینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت لاہور میں پاکستان ریلویز اور واپڈا کے پاس سٹیڈیم موجود ہیں اگر ہمیں موقع ملا تو یہ تیسرے ایک عمدہ سٹیڈیم کا اضافہ ہوجائیگا۔