قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی ‘ دورے کا آغاز 11جون کو پریکٹس میچ سے ہو گا

قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی ‘ دورے کا آغاز 11جون کو پریکٹس میچ سے ہو گا

  

 کولمبو (اے این این )پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ سری لنکا کا آغاز11 جون کو پریکٹس میچ سے کرے گی ٗ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ صبح 9 بج کر30 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ مقامی وقت کے مطابق یہ میچ صبح 10 بجے شروع ہوگا ٗ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ سری لنکا کے دوران تین ٹیسٹ،5 ایک روزہ اور دو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔ پریکٹس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ میچ 17 سے 21جون، دوسرا ٹیسٹ میچ 25 سے 29 جون جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ایک روزہ میچ 11 جولائی، دوسرا ایک روزہ میچ 15 جولائی، تیسرا ایک روزہ میچ 19 جولائی ، چوتھا ایک روزہ میچ 22 جولائی جبکہ سیریز کا آخری اور 5 واں ایک روزہ میچ 26 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹوئنٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز ہوگا۔ پہلا ٹوئنٹی20 میچ 30جولائی جبکہ دوسرا اور آخری ٹوئنٹی 20میچ یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلی جانے والی 17ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا پلہ بھاری ہے ۔ ان ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 7 میں کامیابی اپنے نام کی جبکہ سری لنکا کی ٹیم 5 سیریز میں فتح سمیٹنے میں کامیاب ہوئی ۔ 5 ٹیسٹ سیریز کا کوئی بھی نیتجہ نہ نکل سکا ۔ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلی ٹیسٹ سیریز1981-82 میں کھیلی گئی جس میں پاکستان نے کامیابی سمیٹی ۔ دوسری ٹیسٹ سیریز 1985-86 میں کھیلی گئی جس میں ایک مرتبہ پھر پاکستان فتح یاب ہوا ۔ تیسری ٹیسٹ سیریز بھی 1985-86 میں کھیلی جس کا کوئی بھی نتیجہ نہ نکلا ۔ چوتھی ٹیسٹ سیریز 1991-92 میں کھیلی گئی جس میں پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سری لنکا کو زیر کیا ۔ 1994 میں کھیلی جانے والی 5 ویں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے فتح سمیٹی ۔ چھٹی ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 1995-96 میں کھیلی گئی جس میں سری لنکا نے پہلی بار فتح اپنے نام کی۔ 1996-97 میں کھیلی جانے والی 7 ویں ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوگئی تھی ۔ 8 ویں ٹیسٹ سیریز 1999-2000 میں کھیلی گئی جس میں سری لنکا نے دوسری مرتبہ کامیابی اپنے نام کی ۔ 2000 میں کھیلی جانے والی 9 ویں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان فتح یاب ہوا ۔ 10 ویں ٹیسٹ سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 2004-05 میں کھیلی جس میں جو ڈرا ہوگئی تھی ۔ 2005-06 میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی11 ویں سریز میں پاکستان فتح یاب ہوا ۔

2008-09 میں کھیلی جانے والی 12 ویں سیریز ڈرا ہوگئی تھی ۔ 2009 میں دونوں ٹیموں کے درمیان منعقد ہونے والی 13 ویں سیریز میں سری لنکا فتح یاب ہوا ۔ 2011-12 میں کھیلی جانے والی 14 ویں سیریز میں پاکستان نے کامیابی اپنے نام کی جبکہ 2012 میں کھیلی جانے والی 15ویں سیریز میں سری لنکا نے فتح سمیٹی ۔دونوں ٹیموں کے درمیان 2013 میں کھیلی جانے والی سیریز میں ڈرا ہوگئی تھی ۔ 2014 میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا نے کامیابی اپنے نام کی۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی شرکت کی جس میں ایک مرتبہ پاکستان جبکہ دوسری مرتبہ سری لنکا نے کامیابی اپنے نام کی ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -