نئے ٹیلنٹ کی تلاش ‘ جہانگیر خان کی محنت رنگ لانا شروع ہوگئی

نئے ٹیلنٹ کی تلاش ‘ جہانگیر خان کی محنت رنگ لانا شروع ہوگئی

  

کراچی(آن لائن) سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کی باصلاحیت اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے کاوشیں رنگ لانا شروع ہوگئیں، نئے چیمپئن تلاش کرنے کے پروگرام کے تحت زیرتربیت کھلاڑیوں نے پہلے انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے امید کی کرن روشن کردی۔ملائیشیا میں ہونے والے پینانگ انٹرنیشنل جونیئرز اسکواش ٹورنامنٹ میں شریک 6 میں سے4کھلاڑی مختلف فائنلزکھیلنے میں کامیاب رہے، پاکستان کے عاصم خان نے انڈر19 بوائز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، موصولہ اطلاعات کے مطابق چیمپئنز ہنٹ انیشیٹیو پروگرام فار اسکواش کے تحت تربیتی مقاصد کیلیے پینانگ انٹرنیشنل جونیئرز ٹورنامنٹ جاری ہے، اس میں شرکت کرنیوالے عباس شوکت نے عمدہ کھیل کی بدولت بوائز انڈر 19 کے فائنل میں رسائی پائی جہاں مدمقابل ہموطن کھلاڑی عاصم خان نے11۔7، 11۔8 اور11۔8 سے کامیابی کو گلے لگایا، کاشف آصف نے انڈر17ایونٹ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی لیکن سخت مقابلے کے باوجود ناکام رہے۔

میزبان ملائیشیا کے اونگ سائی ہونگ نے یہ مقابلہ8۔11،11۔6، 11۔9، 10۔12اور 11۔6سے جیتا، عون عباس انڈر15 کے حتمی مرحلے تک جاپہنچے مگرفائنل میں مصر کے مصطفی اسیل سے2۔11،7۔11 اور6۔11 سے مات کا شکار ہو گئے، بہترین صلاحیتوں کے حامل حذیفہ ابراہیم انڈر11 ایونٹ میں اپنے جوہردکھاتے ہوئے فائنل میں پہنچے مگرٹائٹل مقابلہ ملائیشیا کے جیکوئم کوہا کے ہاتھوں 9۔11،5۔11 اور 4۔11 سے ہارگئے، قبل ازیں مہران جاویدکوانڈر17 کے سیمی فائنل میں اپنے ہی ساتھی کاشف آصف سے ٹکرانے کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا، منصور زمان اسی ایونٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب رہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -