ملکی بحریہ آزاد سمندر وں میں بھرپور انداز سے موجود رہے گی ‘ کمانڈر ایرانی بحریہ
تہران(اے پی پی) ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ ایران کی بحریہ آزاد سمندروں میں بھرپور طریقے سے موجود رہے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے بتایا کہ ایران کی بحریہ ماضی سے کہیں زیادہ قوت کے ساتھ اپنے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی بحریہ آزاد سمندروں میں بھرپور انداز سے موجود رہے گی۔ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ سات برس قبل بحری قزاقوں اور دہشتگردوں کے مقابلے اور ایران کے اقتصادی مفادات کے تحفظ کے مقصد سے بحری جہازوں کی آمدورفت کے راستوں کی حفاظت کا اقدام کیا گیا اور اس وقت سے اب تک بحریہ کا یہ مشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ نے اس عرصے میں باب المغرب ، خلیج عدن اور بحیرہ احمر کے حساس علاقوں میں 26 سو سے زیادہ بحری جہازوں کی حفاظت کی ہے اور بحری قزاقوں کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا ہے۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ بحریہ کی توانائی میں اضافہ ہمارے منصوبے کا اہم حصہ ہے۔