منڈی بہاؤالدین کے عوام نے بھی پی ٹی آئی کو مسترد کردیاہے:مسلم لیگ(ن)
لااہور(کامرس رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر وممبرقومی اسمبلی محمدپرویزملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہاہے ملتان کے بعد منڈی بہاؤالدین سے پی ٹی آئی کی شکست عوام کا ان پر عدم اعتماد کااظہارہے، عوام نے ترقی وخوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو مسترد کردیاہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روز پارٹی آفس میں کسانوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔محمدپرویزملک نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت کسان دوست ہے۔زرعی قرضوں کو 380ارب سے بڑھا کر500ارب کردیاہے۔کسانوں کو ڈیزل وبجلی سے چلنے والوں ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کیلئے بلاسود قرضے فراہم کریں گے۔خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ عمران خان اپنی خودکش پالیسیوں کو چھوڑ کر تعمیری اور مثبت سوچ اپنائیں۔عوام محاذآرائی کی سیاست کو پسند نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جہاں شکست نظر آتی ہے وہاں الزام تراشی اورغنڈہ گردی پر اترآتی ہے۔انہوں نے کہا کہKPK میں پی ٹی آئی کی طرح ہمارا کوئی کارکن بیلٹ اٹھاکر نہیں بھاگا۔ممتاز تارڑ کی شاندار کامیابی سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ عوام مسلم لیگ(ن)اور اس کی قیادت سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیاہے۔
انہوں نے کہ چینی سرمایہ کاری سے ملک معاشی طورمضبوط ہوگا اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔