حکومت عوام کی مشکلات کے ازالے میں ناکام ہو گئی،میاں عمران مسعود

حکومت عوام کی مشکلات کے ازالے میں ناکام ہو گئی،میاں عمران مسعود

  

لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مالی سال 2015-16 کا پیش کیے جانے والا بجٹ عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن بجٹ ہے ، بجٹ میں عام آدمی کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوئی خاص اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے حکومت گاڑی سستی ، پولٹر ی مصنوعات، ٹشو پیپر اور سگریٹ مہنگی کرنے اور شرح سود میں کمی کو ہی اپنی مثالی کارکردگی ظاہر کررہی ہے جبکہ عملی طور پر حکومت عوام کی مشکلات کے ازالہ میں ناکام ہو گئی ہے ،بجٹ آئی ۔ایم ۔ ایف کی شرائط کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا ، وفاقی حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو نظر انداز کرتے ہوئے جو بجٹ ان شعبوں کیلئے مختص کیا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے ، بجٹ میں غریبوں کو نہیں بلکہ اشرافیہ اور مافیا کو نوازا گیا ہے عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے صنعتکاروں اور سرمایہ داروں کو ریلیف دینے کا سامان کیا گیا ہے ، انہوں نے عوام دشمن بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے حواریوں اور امیر لوگوں کو ریلیف دینے کی بجائے عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنے کے اقدامات کرے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا جائے اور ٹیکس دینے والوں پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے اور انتخابی مہم میں کیے گئے عوام سے وعدوں کو پورا کرے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -