316 رمضان بازار لگائے جائیں گے ،10کلو آٹے کا تھیلا 310روپے کا ملے گا ،شہباز شریف

316 رمضان بازار لگائے جائیں گے ،10کلو آٹے کا تھیلا 310روپے کا ملے گا ،شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے ،جس کے تحت رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں عوام کو آٹااور دیگر معیاری اشیائے خوردونوش سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔پنجاب حکومت رمضان پیکیج کے تحت معیاری آٹے کی فراہمی پر 3ارب 50کروڑ روپے کی سبسڈی دے گی۔رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 310 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 330 روپے میں دستیاب ہوگا۔20 کلو آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ میں 660 روپے میں فروخت ہوگا۔ماہ رمضان کے دوران رمضان پیکیج کے تحت صوبے بھر میں 316 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔17 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں میں تبدیل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکیج کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں پنجاب کے عوام کو ماہ رمضان میں ریلیف کی فراہمی کیلئے رمضان پیکیج پر عملدرآمدکے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر سرگودھا ڈویژن وڈی سی او سرگودھا اور کمشنر فیصل آباد ڈویژن وڈی سی او فیصل آباد نے کمشنر ز دفاتر سے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے خصوصی پیکیج پر اربوں روپے صرف کررہی ہے ۔صوبے بھر میں رمضان المبارک کی آمد سے تین روزقبل رمضان بازار لگائے جائیں گے جہاں اشیائے ضروریہ،سبزیاں،پھل،گھی، خوردنی تیل، چینی، مرغی کا گوشت، انڈے، دال چنا، دال ماش اور بیسن سستے داموں فراہم کئے جائیں گے۔متعلقہ ایسوسی ایشنوں سے بات چیت کے ذریعے گھی،چینی،مرغی کے گوشت،انڈوں اوردیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی لائی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیائے خورد و نوش کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے اور کہیں بھی اشیائے ضروریہ کی قلت کی شکایت نہیں پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومتی مشینری کمربستہ ہو جائے۔کم ناپ تول میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت رمضان بازاروں میں 333 فیئرپرائس شاپس قائم کرے گا جہاں پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ رمضان بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کر لیا گیا ہے۔ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی ہوگا۔رمضان بازاروں میں 135 گرین چینل بنائے جائیں گے جہاں مقامی طور پر پیدا ہونے والی اجناس سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے کسی کو ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے غیر قانونی سٹاک مارکیٹ میں لانے کیلئے فوری کارروائی کی جائے۔ ایسے افراد کی جگہ جیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے صوبے میں 2ہزار مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے جہاں سحری وافطار کی مفت سہولت حاصل ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹ میں بھی معیاری اشیائے ضروریہ کی مناسب داموں دستیابی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگالٰہذاکابینہ کمیٹی عام مارکیٹوں پر بھی خصوصی توجہ دے اوروہاں بھی قیمتوں میں استحکام کیلئے فعال انداز میں کام کیا جاسکے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی رمضان المبارک کے دوران روزانہ میٹنگ کر کے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے جبکہ 36اضلاع کے ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کے عمل کا خود جائزہ لے کر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے۔رمضان المبار ک کے دوران صوبائی وزراء اورسیکرٹری صاحبان رمضان بازاروں کے دورے کر کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے اقدامات کی مانٹیرنگ کریں گے۔صوبائی وزراء ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین، چوہدری محمد شفیق، معاون خصوصی ارشد جٹ، اراکین صوبائی اسمبلی توفیق بٹ، وحید گل، سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں امریکہ کے سفیر رچرڈ جی اولسن نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے دو بھائیوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ناکے پر نہ رکنے پر براہ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ پولیس کی فائرنگ سے 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ظلم کے مترادف ہے۔پولیس اہلکارانتہائی غیر پیشہ ورانہ انداز میں غیر انسانی فعل کے مرتکب ہوئے ہیں۔میں 2 بے گناہ بھائیوں کی زندگیاں تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں پولیس کی فائرنگ سے ایک گھراجڑ گیا، جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی ماں اور بہنوں کو کون جواب دے گا؟وزیراعلیٰ نے پولیس حکام سے استفسار کیاایسے مواقع کے حوالے سے پولیس اہلکاروں کی تربیت کا کون ذمہ دار ہے۔آر پی او اور ڈی پی او راولپنڈی نے پولیس کی تربیت کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا۔ایسے واقعات ناقابل برداشت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کے افسوسناک واقعہ پرپولیس اہلکاروں کے غیر پیشہ وارانہ رویے اورکابینہ کمیٹی برائے امن و امان پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔انہوں نے کہاکہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان پولیس کی بنیادی تربیت پر توجہ مرکوز کرے۔آئندہ اس طرح کے اندوہناک واقعہ کے سدباب کیلئے جامع پلان بنایا جائے۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ سیکرٹریز کی ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او راولپنڈی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ کو راولپنڈی میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میٹروبس پراجیکٹ تعمیر ،شفافیت اوراعلی معیار کا شاہکار ہے ۔گذشتہ برس کی رکاوٹوں کے باوجود منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے ۔پاکستان میٹروبس سروس عوام کی ملکیت ہے اوراس سروس سے روزانہ سوا لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہورہے ہیں ۔میٹروبس پراجیکٹ سے نظم وضبط اورباوقار انداز میں سفر کا نیا کلچر فروغ پارہا ہے۔ میٹروبسوں اورسٹیشنز پر وائی فائی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ویڈیولنک کے ذریعے راولپنڈی میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رش والے میٹروبس سٹیشنز پر ای ٹکٹنگ کے کاؤنٹرز میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوا م کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ای ٹکٹنگ اور میٹروبسوں میں سفر کے حوالے سے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے۔ پاکستان میٹروبس سروس کے روٹ پر صفائی کا اعلی انتظام ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس سے متعلقہ تمام امور آؤٹ سورس کیے گئے ہیں ۔پنجاب حکومت نے منصوبوں کے اعلی معیارپر پہلے کبھی سمجھوتہ کیا ہے نہ اب کریں گے۔تمام کام میں کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میٹروبس سروس کے حوالے سے زیر التوا کام جلد مکمل کیے جائیں ۔پیدل چلنے والوں کیلئے پیڈسٹرین پل بنائے جائیں ۔منصوبے کے حوالے سے ہارٹی کلچر اور لینڈ سکیپنگ کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے سکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کرنے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جن ٹھیکیداروں کے کام زیر التوا ہیں انہیں ایک پائی کی بھی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ فیڈر روٹس پر بسیں چلانے کیلئے مقامات کی جلد نشاندہی کی جائے۔پیک آور میں بسوں کو نان سٹاپ چلانے کا منصوبہ مرتب کیا جائے ۔راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں چےئرمین عملد آرمد کمیٹی پاکستان میٹروبس پراجیکٹ حنیف عباسی،کمشنر راولپنڈی ، اراکین اسمبلی،اسلام آبادکی انتظامیہ وپولیس حکام اور اعلی حکام نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چےئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،ایم ڈی پنجاب میٹروبس اتھارٹی،ایم ڈی نیسپاک اور متعلقہ حکام لاہور میں اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -