برما کے مسلمانوں کا تحفظ عالم اسلام کی اجتماعی ذمہ داری ہے ،سراج الحق
لاہور(این این آئی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام رکوانا اور انہیں تحفظ دینا عالم اسلام کی اجتماعی ذمہ داری ہے ،روہنگیا مسلمانوں کو اقوام متحدہ سمیت حقوق انسانی کے تحفظ کی دعویدارکسی عالمی تنظیم نے تحفظ نہیں دیا اور اوآئی سی اور اسلامی دنیا کے حکمرانوں نے بھی انتہائی غفلت اور کوتاہی کا ثبوت دیا جس کی وجہ سے لاکھوں معصوم مسلمانوں کو زندہ جلایا گیا اور پکڑ کر جانور وں کی طرح ذبح کردیا گیا ،حکومت فوری طور پر اقوام متحدہ میں برما کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے قرارداد لائے اور مسلمانوں کی برما سے بے دخلی کے خلاف عالمی رائے عامہ کوہموار کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ مرکزی ذمہ داران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر جس طرح اسلام دشمنوں اور غیر مسلموں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے اسی طرح مسلم حکمرانون نے بھی اپنے لب سی لئے ہیں،عالم اسلام اور او آئی سی خواب غفلت سے جاگے اور برما کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے ،اقوام متحدہ مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویہ ترک کرے اقوام متحدہ اور نام نہاد مہذب دنیا کے سامنے روہنگیا مسلمان پناہ کی تلاش میں سمندر میں مارے مارے پھر رہے ہیں ،انہیں خشکی پر پناہ نہیں مل رہی ،اب تک ہزاروں لوگ سمندر میں ڈوب کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ،لیکن پوری دنیا خاموشی سے یہ موت کا کھیل دیکھ رہی ہے مگر جانوروں کے حقوق کی باتیں کرنے والوں کو مسلمانوں کی حالت زار پر رحم نہیں آتا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے منافقانہ رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی وجہ سے ہی دنیا میں امن قائم نہیں ہورہا ۔