حکومت کا بجٹ پر بحث و منظوری کی کاروائی پی ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ،اپوزیشن کا خیر مقدم

حکومت کا بجٹ پر بحث و منظوری کی کاروائی پی ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث و منظوری کے دوران قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی پی ٹی وی پر براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن نے بجٹ اجلاس پی ٹی وی پر براہ راست دکھانے کا مطالبہ کیا تھا، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی کا وقفہ سوالات پی ٹی وی براہ راست دکھانے کا اعزاز بھی موجودہ حکومت کا ہے، اب جبکہ بجٹ اجلاس بھی ہم نے براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ پی ٹی وی کے ٹیکنیکل افراد سے قومی اسمبلی کا اجلاس براہ راست دکھانے کا مشورہ کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا وقفہ سوالات پی ٹی وی پر براہ راست دکھانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ(ن) کو جاتا ہے، اب جبکہ بجٹ اجلاس پی ٹی وی پر براہ راست دکھانے کا اعزاز بھی اس حکومت کو ملے گا تاہم اس کیلئے ایک الگ چینل کی ضرورت ہے، اس حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن تمام تکنیکی معاونت کیلئے تیار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی (آج) منگل سے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی کارروائی براہ راست نشر کرے گا۔ جس پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں اور مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس فیصلے پر حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پاس خزانے کی ہی نہیں بلکہ مسائل کو حل کرنے کی کنجی بھی ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ میں اپوزیشن کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو دادا بننے پر اور وزیراعظم نواز شریف کو نانا بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے پارلیمانی رہنما عبدالرشید گوڈیل اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس پی ٹی وی پر براہ راست دکھانے کے فیصلے کی تعریف کی۔ اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس(آج) منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔

مزید :

صفحہ اول -