بھارت کی بغل میں چھری منہ میں رام رام کی پالیسی واضح ہو گئی

بھارت کی بغل میں چھری منہ میں رام رام کی پالیسی واضح ہو گئی
بھارت کی بغل میں چھری منہ میں رام رام کی پالیسی واضح ہو گئی

  

لاہور(ویب ڈیسک)عسکری ماہرین نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے حالیہ بیان سے بھارتی حکومت کی بغل میں چھری منہ میں رام رام کی پالیسی واضح ہو گئی ہے۔ بھارت کو اقتصادی راہداری پر تکلیف ہے ،ہمارے قومی سلامتی کے ادارے مضبوط ہیں ،وہ جانتے ہیں کہ دشمن کا مقابلہ کس طرح کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارآئی ایس آئی کے سابق چیف لیفٹیننٹ جنرل (ر)حمید گل ، جنرل (ر)فیض علی چشتی، جنرل (ر)طلعت مسعود، میجر جنرل (ر)زاہد مبشر شیخ نے روزنامہ دنیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔حمید گل نے کہا کہ ہم ہر گز نہیں بھولے کہ بھارت نے ہمارا ملک توڑا ہے ، جنرل راحیل شریف کی جانب سے اسے جو شٹ اپ کال دی گئی ہے وہ بالکل درست ہے اگر بھارت بات چیت کرنا چاہتا ہے تو کشمیر سے اس کا آغاز کیا جائے۔

ا ن کا کہنا تھا کہ بھارت خالی دھمکیاں دے رہا ہے وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی انتہاء پسند تنظیم نے گاندھی کا احسان نہ مانا تو ہمارا کیا مانیں گے۔ مودی کو پاک چین اقتصادی راہداری پر تکلیف ہے اس لئے وہ دھمکیاں دے رہا ہے۔

جنرل (ر)فیض علی چشتی نے کہا کہ حکومتی عہدیدار بھارت کیساتھ تجارت کرنا چاہتے ہیں، انہیں یہ نہیں معلوم کہ وہ پاکستان توڑنے کی سازش کر رہا ہے لیکن ہمارے قومی سلامتی کے ادارے مضبوط ہیں وہ جانتے ہیں کہ دشمن کا مقابلہ کس طرح کیا جا سکتا ہے ، جنرل (ر)طلعت مسعود نے کہا کہ نریندر مودی جان بوجھ کر ہمارے زخموں کو تازہ کر رہا ہے۔

پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے میں بھارتی ایجنسی راکے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں ،اس پر ہمارے حکمران بھی کہہ چکے ہیں ہمیں اس کو ہر عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے۔ میجرجنرل(ر)زاہد مبشر شیخ نے کہا کہ مودی اس وقت دباؤ کا شکار ہے ،اقتصادی راہداری اور کئی ممالک کے حکومتی عہدیداروں کے پاکستان کے دوروں نے مودی کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اب وہ پاکستان کے خلاف چھیڑ خانی کررہا ہے۔بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے اور اس کے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔

مزید :

لاہور -