سانحہ کوٹ رادھا کشن :ملزموں کے وکلاءکا انسداد دہشت گردی کی عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار ،کیس منتقلی کی درخواست دے دی
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی عدالت میں کوٹ رادھا کیشن میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کے کیس میں ملوث 106ملزمان کے 7وکلاءعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی۔عدالت نے سماعت 16جون تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کوٹ رادھا کیشن پولیس نے میاں بیوی کوزندہ جلا نے کے الزام میں 106ملزمان کا چالان پیش کررکھا ہے ۔عدالت میں چالان آنے پر اس کیس میں گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جا رہے ہیں۔ عدالت میں گزشتہ روزشہزاد ایڈووکیٹ سمیت 7وکلا نے عدالت پر عدم اعتماد کردیا ،عدالت میں درخواست دی گئی کہ اس کیس کو کسی دوسری عدالت میںمنتقل کردیا جائے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس کو تبدیل کرنے کا اختیار اعلیٰ عدالتوں کے پاس ہے لہذا ان سے رجوع کیاجائے، اس پر وکلا نے درخواست دائر کرنے کی مہلت طلب کی جس پر عدالت نے سماعت 16جون تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب اس کیس میں اب تک 10گواہوں کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔