سعودی عرب میں منی چینجرز کو کرنسی تبدیل کرنے والوں کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کا پابند کردیا گیا
جدہ ( بیورو چیف) مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں منی چینجرز کو کرنسی تبدیل کرنے والوں کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کا پابند بنادیا گیا۔ سعودی مالیتی ایجنسی (ساما) نے اعلامیہ جاری کرکے مذکورہ دونوں مقدس شہروں کے تمام منی چینجرز کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ طور پر کچھ لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں اس کے انسداد کے لئے ضروری ہے کہ کرنسی تبدیل کرانے والوں کا ریکارڈ رکھا جائے، ساما نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ 50 ہزار ریال سے زیادہ کرنسی تبدیل کروانے والوں کی فوری اطلاع دی جائے، منی چینجرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ریکارڈ میں کرنسی تبدیل کرانے والے کے مکمل کوائف کے علاوہ دن تاریخ اور وقت کو بھی اندراج کریں۔