وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تکمیل صنعتی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی: عارف قاسم

وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تکمیل صنعتی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی: عارف قاسم

لاہور )کامرس رپورٹر(صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے پنجاب میں ہر ضلع میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے سلسلہ میں وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کی اسی ماہ میں تکمیل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تکمیل صنعتی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ میں اچھی کوالٹی انڈر گراؤنڈ پانی کی فراہمی سے ملک کے اندر اور باہر غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے آسانی پیدا ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

عارف قاسم نے کہا کہ لاہور میں قائداعظم ایپرل پارک اور پنجاب بھر میں نئے انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام سے ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا پنجاب کے اندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے نئے انڈسٹریل یونٹس کے قیام سے پنجاب خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا اور ان انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے صوبہ میں روزگارکے لاکھوں مواقع بھی دستیاب ہونگے جس سے بے روزگاری جیسے اہم مسئلہ کے حل میں بھی مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ صنعتیں ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈ ی کی حیثیت رکھتی ہیں ان کی ترقی کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں صنعتیں ترقی کرینگی تو ملک ترقی کرے گا ۔

مزید : کامرس