ہیپا ٹائٹس کے خاتمے کیلئے تمام اداروں کومحنت سے کام کرناہو گا،علی جان خان
لاہور(جنرل رپورٹر) سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے تمام متعلقہ اداروں اور معالجین کو پیشہ وارانہ مہارت اور سخت محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے جس کوقبول کرتے ہوئے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔انہوں نے یہ بات صوبے میں قائم کئے گئے ہیپاٹائٹس کلینکس کے لئے پہلے مرحلہ میں بھرتی کئے گئے 58میڈیکل آفیسرز کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔اس ورکشاپ کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ ، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام پنجاب نے کیا تھا جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے ماہرین ڈاکٹر عامر یار خان، ڈاکٹر عبدالقادر، حافظ اعجاز خالد اور پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی ہیڈ ڈاکٹر زاہدہ سرور نے نئے بھرتی ہونے والے ڈاکٹرز کو ہیپاٹائٹس کی بیماری کی تشخیص ، علامات اور علاج بارے ٹیکنیکل معلومات اور تربیت فراہم کی۔اختتامی سیشن سے سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کے علاوہ ڈاکٹر ماہین سید، ڈاکٹر امینہ خان، حسین عارف، وقار خان، ڈاکٹر عامر خان ایسوسی ایشن فار سوشل ڈویلپمنٹ نے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی ترجیحات اور ٹریٹمنٹ پروٹول کے بارے لیکچر دیئے۔