وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں سوشل سیکٹر ریفارمز پر بھر پور کام ہور ہا ہے، رانا مشہود
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی سربراہی میں سوشل سیکٹر ریفارمز پر بھر پور کام ہور ہا ہے۔پنجاب نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی بجٹ دیا ہے۔صوبے میں تعلیمی انقلاب لارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز 90شاہراہ قائداعظم پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوتعلیمی اصلاحات پر بریفنگ کے دوران کہی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے استاد کی عزت کو بحال کرنا ہے۔ہم گریڈ 9کے ٹیچر کو ڈائریکٹ گریڈ14میں لے جا رہے ہیں ، اسی طرح گریڈ 14کا ٹیچرگریڈ16میں اور گریڈ 16کے ٹیچر کو گریڈ 17میں لے جا رہے ہیں۔
ٹیچرز اپ گریڈیشن اورپے سکیل میں بہتری کیلئے سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے دن رات کام کیا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر سے بہترین کارکردگی کے حامل 5ہزار اساتذہ کودنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں بھیجا جائے گا تا کہ یہ وہاں سے ٹریننگ لیں۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے میرٹ کی بنیاد پر 80ہزار ایجوکیٹرز بھر تی کئے جا رہے ہیں۔یہ اساتذہ ہمارے لئے سرمایہ افتخار ہیں۔ یہ رئیل چینچ میکر زہیں۔اب ہمارا کوئی بھی سکول 4ٹیچرز سے کم تعدادمیں نہیں ہو گا۔آج ہمارے سکولوں میں ایک کروڑ پچیس لاکھ سے زیادہ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ 2018ء تک کوئی بچہ سکولو ں سے باہر نہیں ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 70سرکاری سکو ل برٹش کونسل کے تعاون سے شروع کئے جانے والے کنکٹنگ کلاس رومز پروگرام کے تحت دنیا بھر میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں اور اب انہیں انٹر نیشنل ایوارڈ ملنے جا رہا ہے۔ پنجاب کے سکولوں میں چاردیواری ، فرنیچر، پینے کے صاف پانی ،بجلی ، ٹوائلٹس سمیت عدم دستیاب سہولتیں فراہم کی جار ہی ہیں۔صوبہ پنجاب کے سکولوں میں 36ہزار اضافی کمرے بنائے جا رہے ہیں۔پنجاب میں 5ہزار ابتدائے بچپن کے سکول بن چکے ہیں جن کی تعداد اگلے سال10ہزار ہو جائے گی۔تمام سکول میں ٹیبلیٹس مہیا کر دئیے ہیں تا کہ اساتذہ اور طلبا و طالبات کی حاضری میں آسانی پیدا ہو۔پنجاب کے سکولوں میں ڈیجیٹل سمارٹ بورڈ نصب کئے جا رہے ہیں جن سے بچوں کی کپیسٹی بلڈنگ میں ہو رہی ہے۔ہم پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ڈیجیٹل سمارٹ بورڈ نصب کروا رہے ہیں تا کہ طلبا و طالبات کو جدید خطوط پر تعلیم دلوائی جا سکے اور مستقبل کے یہ معمار دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کر سکیں۔سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کمپلینٹ سیل قائم کیا جا رہا ہے جس کے قیام سے عوام کی شکایات کے جلد ازالہ میں مدد ملے گی اور محکمانہ کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
