آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں فیورٹ بھارت کو سری لنکا سے اپ سیٹ شکست

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں فیورٹ بھارت کو سری لنکا سے اپ سیٹ شکست

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا نے ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی کی فیورٹ ٹیم بھارت کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور انڈین اوپنرز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فیصلہ غلط ثابت کر دکھایا۔پاکستان کے خلاف 136 رنز کی اوہننگ شراکت قائم کرنیوالے روہت شرما اور شیکھر دھاون نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کی اور 138 رنز کا بہترین آغاز فراہم کر کے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔روہت شرما 78 رنز بنانے کے بعد لاستھ ملنگا کی وکٹ بنے لیکن بھارت کو اس وقت دھچکا لگا جب ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ یوراج سنگھ کی اننگز بھی سات رنز تک محدود رہی۔البتہ دوسرے اینڈ سے دھاون نے شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور دھونی کیساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 82 رنز جوڑے۔وہ 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلے کے بعد پویلین لوٹے جس کے بعد مہندرا سنگھ دھونی نے جارحانہ بیٹنگ کا بیڑا اٹھایا اور ان کے 63 رنز کی بدولت انڈین ٹیم مقررہ اوورز میں 321 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔ہدف کے تعاقب میں نروشن ڈکویلا صرف سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد دھنچکا گناتھیلاکا اور کشال مینڈس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 159 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کیساتھ ساتھ اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔اس شراکت کا خاتمہ اسوقت ہوا جب گناتھیلاکا 76 رنز کی شانداری باری کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ سری لنکا کی پیش قدمی کو اس وقت دھچکا لگا جب مینڈس بھی غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد اینجلو میتھیوز اور کشال پریرا نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے ہدف کی جانب پیش قدمی جاری کی لیکن 47 رنز بنانے والے پریرا کریمپس پڑنے کے سبب ریٹائرڈ ہٹ ہو گئے۔میتھیوز کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے اسیلا گونارتنے کیساتھ مل کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔میتھیوز نے 52 اور گونارتنے نے 32 رنز بنائے جس کی بدولت سری لنکا نے آٹھ گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا۔کشال مینڈس کو شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا فتح

مزید : صفحہ اول