باٹا پور ، بہن کو پیٹنے پر پولیس کانسٹیبل بھائی نے بہنوئی اور اس کی ماں کو قتل کر دیا
لاہور( خبرنگار) باٹا پور میں بہن پر شک اور تشدد کرنے پر ایک صوبائی وزیر کے گن مین پولیس کانسٹیبل نے بڑے بھائی اے ایس آئی سمیت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے بہنوئی اور اس کی عمررسیدہ ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ کے خلاف پورے علاقے میں سوگ کا سماں ،علاقہ کے مکینوں کا احتجاج، ملزم ساتھیوں سمیت موقع سے فرار۔ بتایا گیا ہے کہ باٹا پور کے علاقہ دوگیج گاؤں کے رہائشی کانسٹیبل ناصر جو کہ ایک صوبائی وزیر کا گن مین اور اس کا بڑا بھائی ذوالفقار علی بھی محکمہ پولیس میں اے ایس آئی ہے، ان کی بہن نبیلہ کی چند سال قبل مقامی گاؤں ہی کے راشدنامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ راشد اپنی بیوی نبیلہ پر شک کرتا تھا اور اس کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا جبکہ چند روز قبل راشد نے اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر ناصر نے باٹا پور تھانے میں اپنے بہنوئی کے خلاف بہن پر تشدد کرنے کا مقدمہ بھی درج کروا دیا تھا جس پر معززین نے ان کی صلح بھی کروا دی تھی۔ گزشتہ رات ناصر اپنے مسلح ساتھیوں سمیت بہنوئی راشد کے گھر آیا اور گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے اپنے بہنوئی راشد اور اس کی والدہ معراج بی بی کوموت کے گھاٹ اتار دیا اور بہنوئی کے ماموں رفیق احمد کو زخمی کر دیا ۔ واردات کے بعد ملزم ناصر ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ناصر اور اس کے 5 ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی مناواں سرکل شیخ غیاث الدین کے مطابق نعشوں کو قبضہ میں لے کر مردہ خانہ میں جمع کروا دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
