تھانوں مین قائم فرنٹ ڈیسک کا کمیونیکیشن سسٹم جواب دے گیا

تھانوں مین قائم فرنٹ ڈیسک کا کمیونیکیشن سسٹم جواب دے گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیاقت کھرل) صوبائی دارالحکومت کے بیشتر تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسک پولیس حکام کی عدم دلچسپی کے باعث ابتدائی مراحل میں بعض تکنیکی مسائل سے دوچار، انٹرنیٹ کی عدم دستیابی ، یو پی ایس اور ٹیلی فونز کی خرابی، سائلین کو سادہ چٹوں پر ٹرخایا جانے لگا۔ ’’روزنامہ پاکستان‘‘ کی جانب سے کئے جانیوالے سروے میں سائلین کے ساتھ فرنٹ ڈیسک اور تھانیدار بھی پھٹ پڑے۔ اس موقع پر اس بات کا انکشاف سامنے آیا ہے کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کی شکایات پر فوری کارروائی اور مقدمات کے اندراج میں دشواری کے باعث تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسک پولیس حکام کی عدم دلچسپی کے باعث متعدد مسائل سے دوچار ہیں ، پرنٹرز، یو پی ایس اور اے سی تک ابتدائی مراحل میں ہی جواب دینے لگے ہیں، جس میں لاہور کے86 تھانوں میں سے 34تھانوں کے فرنٹ ڈیسک کے انٹرنیٹ کام ہی نہیں کر رہے تھے۔ فرنٹ ڈیسک کے قیام کے وقت ٹیلی فون کا ڈبل کنکشن کی فراہمی منصوبہ میں شامل تھا اور 86تھانوں میں سے بیشتر تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسکوں میں ٹیلی فونز کے سنگل کنکشن پائے گئے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کنکشن کے ساتھ این ٹی سی کنکشن نہ ہونے کے باعث سب سے زیادہ فرنٹ ڈیسکوں پر نیٹ کی عدم دستیابی کے مسائل تھے، سٹی ڈویژن کے 22تھانوں میں سے 11تھانوں میں گزشتہ چار ماہ سے انٹر نیٹ کی عدم دستیابی کی شکایات کا ذکر کیا گیا۔ جس میں تھانہ شاہدرہ، شفیق آباد، شاہدرہ ٹاؤن، لوئر مال سمیت 11تھانوں میں سب سے زیادہ نیٹ کی عدم دستیابی کی شکایات پائی گئیں، جبکہ دوسرے نمبر پر کینٹ ڈویژن کے تھانہ ہربنس پورہ، شمالی چھاؤنی، فیکٹری ایریا سمیت ڈیفنس کی سمیت متعدد تھانوں انٹرنیٹ، پرنٹرز کیلئے کاغذات کی کمی، پینسل اور کاربن پیپر کی عدم دستیابی پائی گئی، جبکہ تھانہ مغل پورہ، شالا مار، گجر پورہ سمیت پرانی انارکلی کے تھانوں کے فرنٹ ڈیسک یو پی ایس کی کمزور بیٹریوں کے سست روی کا شکار پائے گئے۔ اسی طرح صدر ڈویژن کے گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ، ہنجروال اور اقبال ٹاؤن ڈویژن کے تھانہ اقبال ٹاؤن، ملت پارک سمن آباد جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے تھانہ اچھرہ اورتھانہ شادمان جبکہ سول لائن ڈویژن کے ماڈل تھانہ سول لائن میں فرنٹ ڈیسک قائم ہی نہیں کیا گیا، اس موقع پر تھانہ مغل پورہ کے راشد علی نے بتایا کہ اس کی چائینز مرغیاں چوری کر لی گئیں، فرنٹ ڈیسک بند ہونے کی وجہ سے مینول چٹ دے دی گئی اور تھانیدار غفور کا نام ایک چٹ پر لکھ کر ٹرخا دیا گیا۔ تھانہ ہربنس پورہ میں سائل ڈاکٹر اقبال شاہ نے بتایا کہ قبضہ گروپ کے ارکان دھمکیاں دے رہے ہیں گھر پر آ کر مار پیٹ کرتے ہیں، فرنٹ ڈیسک کا نیٹ بند ہے اور فرنٹ ڈیسک والوں نے مینول چٹ پر تھانیدار اصغر نسیم سے رابطہ کرنے کا کہہ کر ٹال دیا ہے۔ اس موقع پر سائلین گلفام حسین، اسد شاہ، ابرار شاہ، حکیم اصغر علی، صغراں بی بی، شکیلہ انجم، رشدیاں بی بی اور محمد عنصر نے بھی فرنٹ ڈیسکوں پر نیٹ کی عدم دستیابی کی شکایات کیں، جبکہ فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے اہلکاروں سمیت تھانیداروں نے نام ظاہر کئے بغیر الگ سے شکایات کیں جبکہ اس حوالے سے متعدد تھانوں کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ فرنٹ ڈیسکوں پر سب سے بڑا مسئلہ انٹرنیٹ کیلئے سنگل کنکشن ہے، اس حوالے سے لاہور پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ متعدد تھانوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی بہتری کیلئے ڈبل کنکشن فراہم کر دیئے گئے ہیں تاہم چھوٹے بڑے مسائل تو ساتھ ساتھ چلتے رہتے ہیں۔ ایس پی کا کہنا تھا کہ فرنٹ ڈیسکوں سے تھانہ کلچر کی تبدیلی میں مدد ملی ہے ، عام سائلین کو مقدمات کے اندراج میں دشواری ختم ہو کر رہ گئی ہے۔

مزید :

علاقائی -