حج کوٹہ کی تقسیم‘ ویٹنگ لسٹ میں ڈالے گئے افراد پریشانی میں گھر گئے
ملتان (سٹی رپورٹر)حج کوٹہ کی تقسیم، ویٹنگ لسٹ میں شامل درخواست دہندہ پریشانی کا شکار، وزارت مذہبی امور بھی ابھی تک انہیں حتمی جواب نہ دے سکی۔ واضح رہے کہ وزارت کی جانب سے 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد پرائیویٹ سکیم کے تحت کوٹہ مختص کئے جانے کو ٹور آپریٹروں کی جانب سے عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا جس کی وجہ سے وزارت نے سرکاری سکیم کے تحت 50 فیصد کوٹہ پر حتمی جبکہ 10 فیصد (بقیہ نمبر12صفحہ12پر )
متنازع کوٹہ پر غیر حتمی قرعہ اندازی کرائی۔ غیر حتمی قرعہ اندازی کے تحت 10 فیصد کوٹہ پر درخواست گزاروں کو ویٹنگ لسٹ میں ڈال دیا گیا جس کی وجہ سے یہ افراد پریشانی کا شکار ہیں۔ دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حکومت نے حج کوٹے میں سرکاری اسکیم کا حصہ 60 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس سے ویٹنگ لسٹ میں شامل افراد بھی رواں سال سرکاری اسکیم پر حج کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے تحت کیا گیا ہے تاہم حج ڈائریکٹوریٹ ملتان نے تاحال اسے کنفرم نہیں کیا ہے۔ حج ڈائریکٹر ملتان ریحان عباس کھوکھر کا کہنا ہے کہ وزارت نے انہیں ابھی تک مطلع نہیں کیا تاہم آئندہ چند روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔