دہشتگردی کے خلاف اجتماعی کاروائی ہی اس عالمی لعنت کو ختم کر سکتی ہے،ایازصادق

دہشتگردی کے خلاف اجتماعی کاروائی ہی اس عالمی لعنت کو ختم کر سکتی ہے،ایازصادق

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر)آسٹریلیا ،صومالیہ اور رومانیہ کے سفرا ء نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ملاقاتوں میں پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے سمیت بہت سے دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنر Ms. Margaret Adamson سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے اور کوئی بھی مذہب اور ملک اس سے مستثنی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ اور اجتماعی کوششوں سے ہی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکا جا سکتا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو پارلیمانی اور عوامی رابطوں کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہا ں ہے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمان کے مابین خصوصا دونوں ممالک کے فرینڈ شپ گروپ کے ذریعے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔سپیکرقومی اسمبلی نے خاص کر زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنرMs. Margaret Adamsonنے کہا کہ آسٹریلیا بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ بھی ان تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے سپیکر کی اس بات سے اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ میں فرینڈ شپ گروپس دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے آسٹریلیا کے سپیکر کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو آسٹریلیا کے دورے کی دعوت بھی دی۔صومالیہ کی سفیر Mrs. Khadija Mohamed Almakhzoumiسے گفتگوکرتے ہوے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور صومالیہ کو ایک خوشحال ، پرامن اور مضبوط ملک دیکھنے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے صومالیہ کی سفیر کو کہا کہ وہ صومالیہ کے پارلیمنٹ کے نئے منتخب ہونے والے سپیکر کو مبارکباد کا پیغام پہنچائیں اور میر ی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دیں ۔ صومالیہ کی سفیر Mrs. Khadija Mohamed Almakhzoumi نے سپیکر قومی ااسمبلی کے صومالیہ کے بارے میں جذبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صومالیہ بھی پاکستان کے ساتھ نہایت ہی قریبی تعلقات کا خواہاں ہے انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو صومالیہ کے موجودہ حالات کے بارے میں آگاہ کیا اور صحت اور میڈیکل کی سہولیات کے متعلق بتایا ۔ رومانیہ کے سفیر Mr. Nicola Goia.سے گفتگوکرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا متمنی ہے انہوں نے کہا رومانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی خیر سگالی ، افہام تفہیم کے ساتھ ساتھ اہم عالمی مسائل کے حل کرنے پر مبنی ہے۔ سپیکر نے دونوں ممالک کے تاجربرادری کے مابین رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پارلیمانوں اور عوام کے مابین رابطوں کے ذریعے مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ رومانیہ کے سفیر Mr. Nicola Goia.نے سپیکر کے پارلیمانی اور تجارتی ذریعے سے رابطوں کو بڑھانے کی تجویز سے اتفاق کیا انہوں نے کہا کہ رومانیہ علاقائی اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو اپناشراکت دار سمجھتا ہے ۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور پاکستان کی عوام کی جانب سے عالمی امن اور سیکیورٹی کے لیے دی گئیں قربانیوں کو سراہا ۔

،ایازصادق

مزید : کراچی صفحہ اول