صادق آباد میں سستا رمضان بازار زمین بوس، سٹالز بند، بجلی بھی منقطع
ملتان،بستی ملوک،خانیوال،ٹھٹھہ صادق آباد،محسن وال،عبدالحکیم،وہاڑی ،لودھراں،لیہ،فورٹ عباس ، راجن پور،صادق آباد(کرائم رپورٹر،جنرل رپورٹر ، نمائندگان)سی پی او،ڈی پی او،ڈپٹی کمشنرز،سیکرٹریوں اور دیگر انتظامی عہدیداروں(بقیہ نمبر27صفحہ12پر )
کے رمضان بازاروں کے دورے،نرخ اور نیلامی کے عمل کا جائزہ،اشیاء کی دستیابی یقین بنانے کی ہدایت ملتان سے کرائم رپورٹر،جنرل رپورٹر کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد احسن یونس نے ڈی سی ملتان نادر چھٹہ کے ساتھ سبزی منڈی کا دورہ کیا جس میں اشیاء خورد نوش، سبزی اور پھل فروٹ وغیرہ کی کوالٹی اور ساتھ میں ریٹ لسٹ بھی چیک کی گئی۔سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد احسن یونس نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملتان جواد طارق اور ایس پی یو ٹی ڈاکٹر تنویر رضا کے ہمراہ رمضان بازار کچی سراں کا دورہ کیا جس میں انتظامی امور کو چیک کیا گیا ، سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد احسن یونس نے رمضان بازار میں خریداری کے لئے آئی عوام کے مسائل سنے جن کے حل کے لئے سٹی پولیس آفیسر ملتان کی جانب سے فوری احکامات جاری کئے گئے ۔دریں اثناء رمضان المبارک کے پہلے عشرے کی طرح دوسرے عشرے کے دوران بھی منافع خوروں نے شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔آم بدستور 160روپے کلو میں فروخت کئے جارہے ہیں جبکہ خوبانی 250سے300روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔چینی کی بوری سستی ہونے کے باوجود عام پرچون میں60روپے کلو فروخت کی جارہی ہے ۔اسی طرح پولٹری اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ جاری ہے ۔بستی ملوک سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ضلعی چیئر مین دیوان عباسی بخاری نے اچانک بستی ملوک رمضان بازار کا دورہ کیا ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ آفیسر محمد اقبال،چیئرمین یوسی رانا وہن رانا جنگ شیر، چیئر مین یوسی بستی ملوک فیاض احمد ملک بھی موجود تھے ضلعی چیئرمین نے مختلف اسٹالز پر اشیاء کی کوالٹی کا چیک کیا اس دوران انھوں نے صارفین سے بھی رمضان بازار میں اشیاء خودنوش کی فراہمی اور قیمتوں کے بار میں پوچھا۔خانیوال سے بیورو نیوز،نمائندہ پاکستان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے کہاہے کہ رمضان بازارو ں میں سکیورٹی کے حوالہ سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اوررمضان بازار میں تعینات پولیس افسران اور جوان اپنی ڈیوٹی الرٹ ہوکر سرانجام دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزرمضان بازار خانیوال کے اچانک دورہ کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے رمضان بازاروں میں عوام کو سستے آٹے ، چینی ، گھی، دالیں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش پر ریکارڈ سبسڈی دی ہے جس کی بدولت عوام کی مانگ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جو کہ رمضان بازاروں پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے یہ بات رمضان بازار میاں چنوں کے اچانک معائنہ کے موقع پر کہی ۔اسسٹنٹ کمشنر امجد سلیم سرگانہ ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی چوہدری محمد اظہر سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔ٹھٹھہ صادق آباد سے نمائندہ پاکستان کے مطابق 1ماہ رمضان میں پنجاب حکومت کی طرف سے عوامی کوسستی ومعیاری اشیاء کی فراہمی کے تمام دعوے ریت کے ٹیلے ثابت ہوئے ہیں،رمضان المبارک کا پہلاعشرہ ختم ہونے کے باوجود ٹھٹھہ صادق آباد میں مہنگائی ،گرانفروشی کم نہ ہوئی، رمضان میں مہنگائی،گرانفروشی کنٹرول کرنے کیلئے بنائی گئی پرائس کنٹرو ل کمیٹیاں صرف دفاتر تک محدود ہوکر اعلیٰ حکام کو سب اچھاکی رپورٹس بھجوارہی ہیں، دوکانداروں کی طرف سے مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ پرائس کنٹرول لسٹیں بھی غائب کردی جاتی ہیں،دوسری طرف حکومت کی طرف سے ٹھٹھہ صادق آبادنواح میں قائم یوٹیلٹی سٹور ز پرغریب عوام کیلئے فراہم کردہ سستی اشیاء گھی،چینی،چاول،چائے،مشروبات،صابن ،دالوں،بیسن دیگر اشیاء یوٹیلٹی سٹورزپر نایاب ہوچکی ہیں۔محسن وال سے نامہ نگار کے مطابق ڈپٹی کمشنر خانیوال مظفر خان سیال نے اچانک میاں چنوں رمضان بازار کا دورہ کیا رمضان بازار میں لگے سٹالوں پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور اشیاء کے معیار کو چیک کیا۔عبدالحکیم سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جیسے جیسے عید قریب آرہی ہے ،مہنگائی میں بھی دن بدن تیز رفتاری سے اضافہ ہو رہا ہے ، پھلوں کی قیمت میں ہر گھنٹے بعد اضافہ کر دیا جاتا ہے صبح کے اوقات میں جو نرخ ہوتے ہیں،وہ شام کو ڈبل ہو جاتے ہیں رمضان البارک کے بابرکت ماہ میں جیسے ہی پکوڑوں اور سموسوں کی مانگ بڑھتی ہے انکی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا جاتا ہے اور میٹریل بھی انتہائی ناقص انکے اندر ڈال جاتا ہے بدبو دار اور چربی ملے تیل میں ان کو تلا جاتا ہے ، روزے کی وجہ افطاری کے وقت ٹھنڈے پانی کی طلب بڑھ جاتی ہے عبدالحکیم میں ناقص اور مضر صحت برف مہنگے داموں بغیر تول کے پٹی کے حساب فروخت کی جاتی ہے سب سے زیادہ لوٹ مار بڑی بڑی بیکری اور مارٹ دوکانوں والے کر رہے ہیں جنھوں نے دوکانوں کے سموسے اور قلفیوں اور ردودھ جس میں خشک دودھ کے علاوہ مضر صحت اشیا ڈال کر عوام کو زہر پلا رہے ہیں صفائی ستھرائی کا نام ونشان نہیں۔وہاڑی سے بیورو رپورٹ،نمائندہ خصوصی کے مطابق ماہ رمضان المبارک میں شہریوں کوسبزی و فروٹ معیاری ور سستے داموں فراہمی کے لیے حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی اور ڈی پی او عمر سعید ملک نے اے سی سعید آصف حسین شاہ نے سبزی و فروٹ منڈ ی کا دورہ کیا ور منڈی میں ہونے والی بولی کے عمل کا جا ئزہ لیا اس موقعہ پر سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ودیگر عملہ بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے کہا ہے کہ گراں فروشی کے خلاف پر ائس مجسٹریٹس مہم تیز کر یں اور قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لیے بھر پور اقدامات کر یں ،انہوں نے کہا کہ پنجا ب حکومت گراں فروشوں کے خلاف کو ئی نر م رویہ نہیں رکھتی پرائس مجسٹریٹس کو اختیا ر دینے کا مقصد ہی عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہے پرائس مجسٹر یٹس اپنے دفا تر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈمیں جا ئیں اور گراں فروشی کے مر تکب دو کا ند اروں کے خلاف سخت کارروائی کریں ڈپٹی کمشنر کو بتا یا گیا کہ اب تک ضلع بھر میں پر ائس مجسٹریٹس نے 5لاکھ 26ہزار 2سو روپے جر مانہ وصو ل کیا ہے1166دکانداروں کو چیک کیا گیا گرانفروشی کے مرتکب428دکانداروں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ 2گراں فر وشوں کے خلاف مقد ما ت بھی درج کر ائے گئے ہیں۔لودھراں سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ گراں فروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیاء خوردونوش کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایاکہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیاء خوردونوش کی مقرر ہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنا رہے ہیں اوراس سلسلے میں رمضان المبارک کے پہلے عشرہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 754مختلف دوکانوں کے 2ہزار147 اچانک معائنے کیے اورقانو ن کی خلاف ورزی کے مرتکب 398دکانداروں کو مجموعی طور پر 2لاکھ 72ہزار 450روپے جرمانہ عائد کیا اور20افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے۔لیہ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے صبح سویر ے سبزی منڈی لیہ کا دورہ کیا اور سبزیوں اور فروٹس کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا ۔ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء ہمراہ تھے۔فورٹ عباس سے تحصیل رپورٹر کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر عمران ممتازخٖان سیال اور DSPمحمد زبیر خان بنگش کا دورہ رمضان بازار سکیورٹی انتظامات اور تما م اسٹالوں کے انتظامات پر اظہار اطمینان۔ پنجاب حکومت کی طرف سے دی گئی سہولتوں کو غریب روزہ داروں تک پہنچانا ہماری ا ولین ذمہ داری ہے۔اس موقع پر صدر انجمن تاجران حاجی محمد سلیم زاہد اور ڈسٹرکٹ نائب صدر انجمن تاجران شیخ اللہ وسایا اور محمد مدثر اور صدر کریانہ ایسوسی ایشن محمد رمضان بھی موجود تھے ۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد اور ڈی پی او عرفان اللہ مروت نے رمضان بازار راجن پور کادورہ کیا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اشیائے خوردونوش کے اسٹالز چیک کئے اور اشیاء کی رعایتی قیمتوں کا جائزہ لیا ڈپٹی کمشنر نے بازار میں فروخت کی جانے والی اشیاء کے میعار کی تعریف کی ۔صادق آباد سے نامہ نگار کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پرماہ رمضان المبارک میں صوبہ بھر کی طرح صادق آباد میں بھی سستا رمضان بازار قائم کیا گیا تھاجس میں لاکھوں روپے خرچ کرکے ٹینٹ ، فرنیچر ، ریٹ ڈسپلے سکرین ، پنکھے وغیرہ لگائے گئے تھے مگر مقامی انتظامیہ کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث گزشتہ روز اچانک ٹینٹ زمین پر آگرا ، جس کے نتیجہ میں نصب کئے گئے بورڈ بھی گر گئے اس طرح تمام سٹالز بند جبکہ رمضان بازار کی بجلی بھی منقطع ہو گئی تمام دن رمضان بازار میں آنیوالے شہری بغیر خریداری کئے مایوس واپس لوٹتے رہے ،شہریوں محمد اقبال‘ نعمان ‘ محمد شریف‘ وقاص‘ ملک وقار‘ خالد حسین ‘محمد جمیل و دیگر نے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف‘ کمشنر بہاول پور اور ڈی سی رحیم یارخان سے مطالبہ کیا کہ فرائض میں غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران اور عملہ کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔