ارکان اپنے مہمانوں کی رجسٹریشن کرائیں ،اسپیکر سندھ اسمبلی

ارکان اپنے مہمانوں کی رجسٹریشن کرائیں ،اسپیکر سندھ اسمبلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے ارکان سندھ اسمبلی کو سختی سے یہ ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ جن مہمانوں کو ندھ اسمبلی لائیں ، ان کی داخلے کے وقت باقاعدہ رجسٹریشن کرائی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ارکان کے ساتھ آنے والے مہمان ادھر ادھر نہ گھومیں اور مہمانوں کے لیے مخصوص گیلری تک محدود رہیں ۔ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے موقع پر انہوں نے ارکان سے کہا کہ ان کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ بعض ایم پی ایز اپنے ہمراہ لوگوں کو لا رہے ہیں اور ان کی رجسٹریشن بھی نہیں کرائی جاتی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ سکیورٹی کے حوالے سے بہت بڑی کوتاہی ہے اور اس کے نتیجے میں کسی بھی وقت کچھ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ملک میں پہلے ہی سکیورٹی الرٹس ہیں اور ہمیں بھی وقتاً فوقتاً دھمکیاں ملتی رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن ارکان اسمبلی کو مہمانوں سے ملاقات کرنا ہو وہ خود ان کے پاس میٹنگ ایریا میں چلے جائیں اور غیر متعلقہ گیلریوں میں اپنے مہمانوں کو نہ بٹھائیں ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے ارکان سے کہا کہ اس وقت رمضان کا مہینہ ہے ۔ کافی دوستوں کو عمرے کی ادائیگی اور کچھ کو اپنے آبائی علاقوں میں عید منانے جانا ہے ۔ ہماری یہ کوشش ہو گی کہ بجٹ اجلاس کو جس قدر جلد ممکن ہو مکمل کر لیں ۔ ارکان کو چاہئے کہ وہ مقررہ وقت پر اسمبلی آئیں اور تیاری کے ساتھ بجٹ پر عام بحث میں حصہ لیں ۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ حکومت آپ کی ان تمام باتوں کی پوری طرح تائید کرتی ہے ۔ آج ہم نے بجٹ پر بحث کے لیے 15 ارکان کے ناموں کی فہرست پیش کر دی ہے ۔ باقی پارلیمانی گروپوں سے بھی نام لیے جائیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر