ڈیرہ میں ناقص کارکردگی پر 4 ایس ایچ اوز ضلع بدر

ڈیرہ میں ناقص کارکردگی پر 4 ایس ایچ اوز ضلع بدر

پشاور(کرائمز رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے دہشت گردی اور دیگر جرائم کے خلاف ناقص کارکردگی پر ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کے چار ایس ایچ اُوز کو ضلع بدر کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پی کو ایس ایچ اُوسٹی سب انسپکٹر انور خٹک، ایس ایچ اُو کینٹ سب انسپکٹر محمد نواز، ایس ایچ اُو صدرسب انسپکٹر صابر حسین اور ایس ایچ اُو یونیورسٹی سب انسپکٹر ثمر عباس کے خلاف دہشت گردی اور جرائم پر قابو پانے میں ناکامی کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی تھیں۔ آئی جی پی نے ان شکایات کا سختی سے نوٹس لیکر چاروں ایس ایچ اُوز کو ضلع بدر کرتے ہوئے مردان ریجن تبدیل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیاہے۔ تبدیل ہونے والے چاروں ایس ایچ اُوز کوتاحکم ثانی آئندہ کسی قسم کی فیلڈ ڈیوٹی نہ دینے کا حکم بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ آئی جی پی نے واضح کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جرائم اور دہشت گردی کے خلاف بُری کارکردگی کے حامل پولیس اہلکاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کو دوسرے اضلاع سے ایس ایچ اُوز فراہم کئے جارہے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر