پارلیمنٹ کے باہر شیخ رشید سے ن لیگ جاپان کے صدر کا جھگڑا

پارلیمنٹ کے باہر شیخ رشید سے ن لیگ جاپان کے صدر کا جھگڑا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آن لائن)پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ملک نور اعوان نامی شخص کا شیخ رشید سے جھگڑا ہوگیا، ملک نور نے شیخ رشید پرگاڑی لے کر رقم ادا نہ کرنے کا الزام لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ایوان سے باہر نکلنے لگے تو گیٹ نمبر ایک پر مسلم لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان ان کے سا منے آ ئے انہیں روکا اور مطالبہ کیا آپ نے مجھ سے 1998 میں گاڑی لی تھی لیکن ابھی تک پیسے نہیں دیئے ،میں غریب آدمی ہوں میرے22 لاکھ روپے بہت اہمیت رکھتے ہیں ، آپ مہربانی کر کے میرے پیسے دے دیں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں آپ کو جانتا تک نہیں اور ہاتھ چھڑا کر پارلیمنٹ کے اندر چلے گئے اور سپیکر ایاز صادق سے شکایت کی ۔شیخ رشید نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے بھی ملاقات اور معاملے کی تفصیل سے آگا ہ کیا جس پر چودھری نثار نے کہا سپیکر قومی اسمبلی کی ہدا یت کی روشنی میں ہی اقدامات کریں گے ۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر جھگڑا کرنیوالے شخص کو حراست میں لے لیا گیا، ذرائع کے مطابق ملک نور اعوان کے پاس گیٹ پاس نہیں تھا تاہم سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر انہیں پاس جاری کیا گیا۔ ملک نور کا کہنا تھا شیخ رشید مسجد میں حلف دیں اس نے میرے پیسے نہیں دینے اور وہ مجھے نہیں جانتے ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا شیخ رشید کا معاملہ انتہائی اہم ہے لہٰذا اس کی تحقیقات اور کارروائی کی جائے کہ یہ شخص پارلیمنٹ کیسے آیا۔ دوسری جانب شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا میں اس شخص کو جانتا ہی نہیں جو 19 سال پہلے کے پیسے مانگنے میرے پیچھے اسمبلی تک آ گیا یہ نون لیگ کا گلو بٹ ہے اگر مجھے کچھ ہو گیا تو اس کی ذمہ داری نواز شریف اور شہباز شریف پر عائد ہو گی کیونکہ وہ میری سچا ئی‘ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی بات کرنے اور عمران خان کیساتھ رہنے سے خائف ہیں اس لئے وہ مجھے دبانے کی کوشش کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں سچ بولنا چھوڑ دوں لیکن میں مر جاؤں گا سچ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ لین دین کے معاملے اسمبلیوں میں حل نہیں ہوتے شریفوں کی قبر کی دیواروں تک پیچھا کروں گا ،بعدازاں انہوں نے تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کروائی جس میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ میں اس شخص کو نہیں جانتا جس نے پارلیمنٹ میں مجھ پر حملہ کیا پہلے بھی فون پر دھمیاں دی گئیں مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار نواز شریف برادران ہوں گے پولیس نے ملک نور اعوان کوحراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔