”میرا الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں “حسین نواز جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد واپس روانہ ہو گئے

”میرا الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں “حسین نواز جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد ...
”میرا الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں “حسین نواز جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد واپس روانہ ہو گئے

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم کے بڑے صاحبزادے حسین نوازنے کہا ہے کہ میرا الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔

جیو نیوز کے مطابق جے آئی ٹی کے سامنے پیشی اور تین گھنٹے تفتیش کے بعد باہر آکر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ آج میری پانچویں پیشی تھی، فی الحال دوبارہ مجھے نہیں بلایا گیا، نہ ہی ابھی تک اگلی پیشی کا سمن میرے پاس ہے۔ آج کے سوالات کی نوعیت سے لگتا نہیں کہ اگلی پیشی ہوگی لیکن بلائیں گے تو ضرور آﺅں گا،یہ قانون کی پاسداری کا تقاضا ہے۔

مزید پڑھیں ، برطانوی انتخابات کے نتائج جاننے کیلئے اس لنک پر کلک کریں

انکا کہنا تھا کہ جہاں تک ثبوت کا تعلق ہے انشااللہ ان کو کوئی ثبوت نہیں ملے گا،اگر ثبوت ملتا ہے تو میں خود کہتا ہوں کہ ایکشن ہونا چاہیے۔یہ بھی کہا کہ ثبوت ملنے پر کارروائی ہونی چاہیے، سزا ملنی چاہیے، شکوک و شبہات کی بناپر کسی کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی۔

فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے تفتیشی کمرے میں سی سی ٹی وی کیمروں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر حسین نواز کا کہنا تھا کہ کمرے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں ۔

پیشی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسین نوا زکا کہنا تھا کہ اگر کسی طرح کے ثبوت میسر ہوں تو ضرور کارروائی ہونی چاہیے ، دنیا میں کوئی عدالت شک وشبہات پر کارروائی نہیں کرتی ۔جے آئی ٹی نے جب جب بلایا پیش ہوا ۔تصویر لیک کرنے والو ں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔جے آئی ٹی کے معاملے پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں ۔

مزید : قومی /اہم خبریں