کرپٹ حکمران ٹولے نے عوام کیلئے رمضان جیسے ماہ مبارک کو بھی امتحان بنا دیا ہے : امیر العظیم

کرپٹ حکمران ٹولے نے عوام کیلئے رمضان جیسے ماہ مبارک کو بھی امتحان بنا دیا ہے : ...
کرپٹ حکمران ٹولے نے عوام کیلئے رمضان جیسے ماہ مبارک کو بھی امتحان بنا دیا ہے : امیر العظیم

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان و مرکزی سیکریٹری اطلاعات امیر العظیم نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران ٹولے نے عوام کیلئے رمضان جیسے ماہ مبارک کو بھی امتحان بنا دیا ہے ،مہنگائی کے مارے عوام سحری اور افطاری کا انتظام کرنے سے بھی قاصر ہیں ۔حکومت عوام کو رمضان میں ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہی ہے ۔ان حالات میں ضروری ہے کہ معاشرے کے صاحب حیثیت لوگ اپنے ارد گرد موجود غربا ء و مساکین اور مستحق افراد کو رمضان اور عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے دل کھول کر اللہ کی راہ میں خرچ کریں ۔

 وارث کالونی کے معززین کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر العظیم نے کہا کہ رمضان کا مقصد خشیت الہٰی اور تقوی کا حصول ہے ۔جب تک ہم اپنے قرب و جوار میں موجود نادار اور غربت میں پسے ہوئے طبقہ کو پریشانیوں سے نکال کر اپنے ساتھ خوشیوں میں شامل نہیں کرتے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم زندگی کے تمام امور میں اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات کو اپنے لئے حرف آخر نہیں بناتے ہم روزے کی حقیقی روح کو حاصل نہیں کرسکتے اس لئے ضروری ہے کہ ہم ہر موقع پر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان کے لئے اللہ کی راہ میں جان قربان کرنا سب سے بڑی سعادت ہے یہی وجہ ہے کہ مومن کبھی موت سے نہیں ڈرتا ۔افغانستان کشمیر اور فلسطین میں عشروں سے اسلام یہود و ہنود اور نصاری ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہے ہیں مگر وہ مسلمانوں کو اپنی غلامی پر راضی نہیں کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں حیران ہیں کہ ہمیں زندگی سے اتنا پیار نہیں جتنا مسلمان موت سے محبت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب انسان اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری کا حق ادا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے بے یارو مددگار اور تنہا نہیں چھوڑتا ۔

مزید : لاہور