لیسکو نے ریکارڈ مدت میں متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی ،مجاہد پرویز چٹھہ
لاہور(کامرس رپورٹر)ٓلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو)کے عملے نے انتھک محنت اور جد و جہد کے بعد ریجن کے آٹھوں سرکلز بشمول ساوتھ سرکل، ایسٹ سرکل،سینٹرل سرکل، نارتھ سرکل، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ اور قصورسرکل کے علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بحال کر دی ہے ۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے طوفان اور اسکے بعد ہونے والی شدید بارش کا دورانیہ تقریبا ڈھائی گھنٹے رہا جبکہ بارش اور طوفان میں درخت اور بل بورڈز گرنے سے بجلی کی تنصیبات کو کافی نقصان پہنچا ۔منگل کی رات آنے والے شدید طوفان اور بارش کے نتیجے میں لاہور کی جی او آر اورعلی رضا آباد ، حجرہ شاہ مقیم اور انگوری باغ سب ڈویثرنز سب سے زیادہ متاثر ہوئیں جہاں بجلی کے پولز گرنے اور ایل ٹی لائن ٹوٹنے کے باعث اس سے ملحقہ علاقوں بجلی کی سپلائی متاثر ہو ئی تھی۔لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ موسم کی نوعیت اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جیسے ہی بارش کی شدت میں کمی آئی لیسکو کا فیلڈ اسٹاف فوری حرکت میں آیا اور تین گھنٹے کے ریکارڈ ٹائم میں بارش اور طوفان سے متاثرہ مین سسٹم کو مکمل طور پر بحال کردیا۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ، جی ایم آپریشن چوہدری محمد انور اور آپریشن سے متعلقہ افسران نے لاہور شہر میں مختلف سب ڈویثرنز کے دورے کئے اور بجلی بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کی ۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ ریجن کے متعدد علاقوں میں درختوں کے بجلی پولوں پہ گرنے اور تاروں کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے لیسکو کے عملے کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور لیسکو کے معزز صارفین کو بجلی کر فراہمی میں دشواری پیش آئی مگرلیسکو کے عملہ نے ریکارڈ مدت میں نہ صرف علاقے کو بجلی کی ترسیل ممکن بنائی بلکہ دو دن کی شب روز کی محنت اور جد و جہد کے بعدلیسکو کے وسیع علاقے میں ہونے والے بڑے نقصانا ت کا ازالہ کیا ۔ آ چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ نے تمام فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ لیسکو کا آپریشنل سٹاف ہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے اور اس سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ صارفین کی جانب سے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔