عظیم اور فضیلت والی رات’’ شب قدر ‘‘ میں ہم کون سی مسنون دعا کثرت سے کریں ؟
رمضان المبارک بڑابابرکت مہینہ ہے اور اس کے آخری عشرے میں ایک رات ہے جس میں عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے ۔طاق راتوں میں تلاش شب قدر میں جو عبادتیں کررہے ہیں، اللہ انہیں قبول فرمائے(آمین) اس ماہ مبارک میں مسلمان جتنی پابندی کرتے ہیں وہ بقیہ مہینوں میں بھی اسی طرح پابندرہیں ،شب قدر عظیم اور فضیلت والی رات ہے، اس کے ساتھ ہی یہ تقدیر ساز رات بھی ہے ،اللہ اس رات تقدیروں کا فیصلہ فرماتا ہے اور اس ایک رات کی عبادت ہزار راتوں کی عبادت سے افضل ہے ،جتنے بزرگ اور نوجوان طاق راتوں میں قیام کرتے ہیں اللہ ان کو قبول فرمائے اور مزید مسلمانوں کو اس کی فکر عطا فرمائے۔آمین ۔
اللہ سے دعا ہے کہ ہم سب اس خیر و برکت والی مقدس رات کوطاق راتوں میں تلاش کریں اوراللہ کی رضا وخوشنودی کے حصول میں لگے رہیں اور ایک لمحہ کے لیے بھی غافل نہ ہوں اور حسب توفیق ذکر و تلاوت، توبہ و استغفار، درود و نوافل ، تسبیحات اور تہجد وغیرہ میں مصروف رہیں۔اللہ سے خیر و سلامتی ،فضل و کرم اور بخشش و مغفرت کی دعائیں مانگیں اس متبرک رات کے انوار و برکتوں سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں اور رب العزت کے احسانات اور انعام و اکرام کا شکر ادا کریں۔خلوص دل سے دعا کریں کہ اے اللہ عفو و درگذر تیرا بہت بڑا کرم ہے تو معافی کو پسند فرماتاہے ہم تیرے محتاج ہیں تیری رحمت و عافیت کے طلبگار ہیں تو ہماری مغفرت فرماہمیں بخش دے، بندے اس رات میں دعا کریں اور فرشتے ان کی دعاوءں پر آمین کہیں اور اللہ دعا قبول فرمائے، اس سے راضی ہوجائے ،اس کو بخش دے تو بندہ کامیاب ہے اوریہ خصوصیت صرف شب قدر کو ہی حاصل ہے،رب العالمین ہم سب مسلمانوں کو شب قدر کے فیوض و برکات اور نعمتوں سے فیضیاب فرمائے۔آمین۔