شہباز شریف اورحمزہ نے لاہور سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے

شہباز شریف اورحمزہ نے لاہور سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے

لاہور(نامہ نگار)عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کیلئے ایل ڈی اے بلڈنگ ، ایوان عدل ، سینئر سول جج بلاک اور کوآپریٹو بلڈنگ میں پانچویں روز بھی امیدواروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی 30 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 800سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کررکھے ہیں۔پی ٹی آئی کے میاں اسلم اقبال،محمودالرشید، شعیب صدیقی،مسلم لیگ (ن )کے وحید گل،عبدالمجیدسمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 70 سے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔سا بق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے نمائندے نے حلقہ این اے 134 ، حمزہ شہباز کے نمائندے نے حلقہ این اے 124 جبکہ سلمان رفیق نے حلقہ این اے 129سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جبکہ حلقہ این اے 123 نے مسلم لیگ کے ملک ریاض اور حلقہ این اے 131سے گلوکارجواد احمد کے کاغذات نامزدگی ا عتراضات لگا کر واپس کردئیے گئے۔ دونوں امیدوار اعتراضات دور کرکے آج 9جون کو اپنے کاغذات جمع کرائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارعمر طالب نے پی پی 163 سے جبکہ پی پی 156 سے میاں افتخار نے اور شیخ صلاح الدین نے پی پی 129 سے کاغذات جمع کروائے، پاکستان تحریک انصاف کے رہنمامیاں اسلم اقبال پی پی 151 کیلئے کاغذات جمع کروائے ہیں،مسلم لیگ (ن )کے امیدوروں میں پی پی 157،154 اور 156 سے سابق ایم پی اے وحید گل،پی پی 153 سے چودھری ندیم سرور،پی پی 149 سے منیر حسین،پی پی 151 سے سلمان حسین سلطانی،پی پی 144 سے سیدحشمت علی نے کاغذات جمع کروائے ہیں جبکہ تحریک لبیک کے امیدواروں میں پی پی 144 سے شیخ عمر رضوی اور پی پی 145 سے میاں محمد غفور نے کاغزات جمع کروائے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے پی پی 164 سے رانا عامر رانجھا اور پی پی 166 سے حافظ ذیشان نے جبکہ صرف ایک آزاد امیدوار محمد اعجاز نے پی پی 156 سے اپنے کاغذات جمع کروائے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کاغذات جمع کروانے پہنچے تو کارکنان کی جانب سے پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا،میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے منشور کو لے کر چل رہے ہیں اور آئندہ فتح بھی پی ٹی آئی کی ہو گی۔مسلم لیگ (ن )کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بیان غیر سنجیدہ ہے ،انہوں نے غریب عوام کو مہنگائی کے علاوہ کچھ نہیں دیا،اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے وحید گل نے کہا کہ یہاں امیدواروں کیلئے انتظامات بہتر نہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانبالیکشن کمیشن لاہور آفس میں قومی و صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 203 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ۔پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے 87 امیدواروں ، قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر 35 امیدواروں اور اقلیتی نشستوں پر 85 امیدوراں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں مریم نواز کی سیکرٹری ثانیہ احمد ،پی ٹی آئی کی شیریں مزاری ، عندلیب عباس ، روبینہ شاہین، ثمینہ زوہیب، صائمہ طارق ، پلوشا خان ، مہک ندیم ، تہمینہ زاہد ، طارق گل ، جارج مسیح ، شہنیلا روتھ ، شہزاد منشی، جارج کلائمنٹ سمیت 203 امیدوار شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول