بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے قتل کی سازش پکڑی گئی ،5ملزم گرفتار

بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے قتل کی سازش پکڑی گئی ،5ملزم گرفتار

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی کے قتل کی سازش پکڑی گئی ،5ملزمان گرفتار ،سازش کے تحت ملزمان نے بھا رتی وزیر اعظم مودی کو ’’ راجیو گاندھی ‘‘ کی طرح قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔بھارتی نجی ٹی وی چینل کے مطابق ہندوستانی سیکیورٹی اداروں نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے قتل کی سازش بے نقاب کرتے ہوئے بھارتیہ کیمونسٹ پارٹی (ماؤ نواز )سے تعلق رکھنے والے 5افرا د کو کورے گاؤں کے ایک گھر میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو سازش کا پتا ایک ’’مبینہ خط ‘‘ کے ذریعے لگا جس میں نریندرا مودی کو سابق ہندوستانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کی طرح قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ، پکڑے گئے خط کے مطابق ملزمان نے قتل کی پلاننگ اور وجہ قتل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کا پورے ملک میں بڑھتا ہوا دائرہ کا ر ان کی پارٹی کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے ،نریندرا مودی اپنی مقبولیت کی وجہ سے ہندوستان کی 15ریاستوں میں اپنی پارٹی کی حکومت بنانے میں کامیاب ہو چکے ہیں ،ایسے میں ہمیں بھارتی وزیر اعظم کے خاتنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے ،ہم سوچ رہے ہیں کہ راجیو گاندھی کی طرح مودی کے قتل کی پلاننگ ترتیب دی جائے تاکہ مودی کا قتل بھی خودکشی اور حادثہ ہی لگے ،اسلئے ایک اور ’’راجیو گاندھی قتل ‘‘ کا یہ مناسب موقع ہے اور مودی کے قتل کی منصوبہ بندی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے مودی کے قافلے کو کسی بھی ’’روڈ شو ‘‘ کے درمیان نشانہ بنایا جا سکتا ہے ‘‘۔بھارتی سیکیورٹی اداروں کے مطابق ملزمان نے نریندرا مودی کے قتل کیلئے اسلحہ و گولہ بارود خریدنے اور مکمل منصوبہ بندی کیلئے 8کروڑ روپے کے اخراجات کا خط میں بھی ذکر کیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر