رمضان المبارک کی مقدس گھڑیاں توبہ کی فکر کے ساتھ گزاری جائیں، طاہر القادری

رمضان المبارک کی مقدس گھڑیاں توبہ کی فکر کے ساتھ گزاری جائیں، طاہر القادری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی مقدس گھڑیاں توبہ و استغفار کی فکر کے ساتھ گزاری جائیں اور سچے دل سے اللہ سے توبہ کر کے احوال کی اصلاح کی جائے۔ راہ حق کے مسافروں کیلئے توبہ پہلا قدم ہے، اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں بندوں کو توبہ کی تلقین فرمائی ہے۔ گناہوں سے باز رہنے کے مصمم عزم و ارادہ کے ساتھ اللہ کے حضور سر جھکانا توبہ ہے ،جس طرح عبادت گزاروں کیلئے پہلا قدم طہارت ہے اسی طرح راہ حق کے مسافروں کیلئے سب سے پہلا قدم توبہ ہے۔ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ انسانی خمیر میں نیکی کے ساتھ بدی نہایت مضبوطی سے پیوست ہے، اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں متعدد مقامات پر توبہ کرنے کا حکم دیا ہے اور اپنی پہچان خوب توبہ قبول کرنے والے کے طور پر کرائی ہے۔ سورہ البقرہ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’بے شک اللہ بہت توبہ کرنے والوں اور پاکیزگی اختیار کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے جب شیطان نے جنت میں دائمی اور ملکوتی زندگی کے حصول کا فریب دے کر حضرت آدم اور حضرت حوا کو ممنوعہ درخت کے پھل کھانے پر آمادہ کر لیا تو یوں نسل انسانی میں بھول چوک سے سرزد ہونے والی خطا وجود میں آئی اس پر اللہ تعالیٰ نے نہ صرف معافی مانگنے کے کلمات سکھائے بلکہ آدم وحوا کی توبہ بھی قبول فرمائی۔ قرآن مجید میں بے شمار مقامات پر انسانوں کو خلوص نیت سے توبہ کرنے اور آئندہ کیلئے اس پر ثابت قم رہنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ اگر انسان قرآن حکیم کا مطالعہ کمال انہماک، توجہ، خلوص اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی نیت سے کرے تو اللہ تعالیٰ کی رحمت کے ابواب اس پر کھلتے چلے جائیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ اگر اللہ رب العزت کی رحمت ہر شے پر محیط نہ ہوتی تو یہ دنیا کب کی غضب الٰہی کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکی ہوتی۔

مزید :

صفحہ آخر -