ملک بھر میں یوم کشمیر و فلسطین منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی

ملک بھر میں یوم کشمیر و فلسطین منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد شہدا کی غائبانہ ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم کشمیروفلسطین کے طور پر منایا گیا اور نماز جمعہ کے بعد کشمیری و فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ لاہور کی طرح گوجرانوالہ،فیصل آباد،اسلام آباد، راولپنڈی، مظفر آباد، میرپور،ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، جہلم،شیخوپورہ، وہاڑی اور دیگر شہروں میں علما ئے کرام نے خطبات جمعہ میں غاصب بھارتی اور اسرائیلی فوج کی طرف سے نہتے کشمیری و فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کو موضوع بنایا اوربھارتی و اسرائیلی ظلم و دہشت گردی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔اس دوران کشمیر، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کشمیری و فلسطینی شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔قبل ازیں خطبہ جمعہ کے دوران حافظ محمد سعید نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں ظلم و دہشت گردی کی انتہا کر دی گئی ہے۔ امریکہ اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کررہا ہے اور نہتے مسلمانوں کی لاشیں گرانے کیلئے اسرائیل کو شہ دی جارہی ہے۔مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اسے آزاد کروانے کیلئے ہر مسلمان اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر، فلسطین سمیت دنیا کے جس خطہ میں نہتے مسلمانوں کو ظلم و دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہو ان کی مدد کرنا امت مسلمہ پر فرض ہے۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری و فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کیلئے باہم متحد ہو جائیں اور بھارت و اسرائیل سے صاف کہہ دیں کہ وہ نہتے مسلمانوں کا خون بہانے سے باز رہیں وگرنہ مسلمان بھی قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ بھارت کے دوران پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کے منصوبے بنائے گئے۔دونوں ملک پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو نقصان پہنچانے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں لیکن ان کی یہ مذموم کوششیں کسی طور کامیاب نہیں ہوں گی۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو مضبوط ایٹمی صلاحیت سے نوازا ہے۔حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کی غلامی چھوڑ کر اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آسمانوں سے رحمتیں و برکتیں نازل ہوں گی اور فلسطین و کشمیر کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ حکمران بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چھوڑ دیں۔ اس سے تحریک آزادی کو نقصان پہنچا ہے۔ مظلوم کشمیری ہاتھوں میں پتھر اٹھا کر بھارتی فوج کی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ آج بھارتی آرمی چیف بھی اعتراف کر رہا ہے کہ کشمیر میں ان کی بندوق ناکام ہو گئی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج مکمل طور پر بے بس ہو چکی ہے۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین اور بھارت نے کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا جس پر اقوام عالم خاموش تماشائی بنی رہی۔کشمیراور فلسطین میں ظلم و دہشت گردی سے پوری دنیا کا امن متاثر ہورہا ہے۔

حافظ سعید

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...