چیف جسٹس کے کالا باغ ڈیم پر ریمارکس خوش آئند ہیں،میاں مقصود

چیف جسٹس کے کالا باغ ڈیم پر ریمارکس خوش آئند ہیں،میاں مقصود

لاہور (سٹی رپورٹر)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے حوالے سے ریمارکس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فی الفور ملک میں بڑے آبی ذخائر بشمول کالاباغ ڈیم کی تعمیر، صوبوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کے لئے اقدامات شروع کئے جائیں تاکہ ملک میں بجلی اور آب پاشی کے لئے پانی میں کمی کے بحران پر قابوپایاجاسکے۔ کالاباغ ڈیم اوردیگرڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے ناگزیر ہے۔ہمسایہ ملک بھارت ہمارے دریاؤں پر تیزی سے ڈیم تعمیر کررہاہے جبکہ ہمارے ہاں کالاباغ ڈیم جیسے قومی منصوبے کوسیاست کی نذر کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارت دن بدن آبی جارحیت میں اضافہ کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کالاباغ ڈیم کے حوالے سے ملک میں موجود خدشات کودور کرتے ہوئے قومی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلد تکمیل کویقینی بنائے۔

انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے بجلی کے بحران پرقابوپانے کے ساتھ ساتھ 60لاکھ ایکڑزمین کوقابل کاشت بنایاجاسکتا ہے اس سے خوشحالی کاایک نیادور شروع ہوگا۔پانی کی کمی سے ملکی زراعت شدید مشکلات میں ہے ۔کاشتکاروں کو بر وقت اپنی فصلوں کو سیراب کرنے کے لئے پانی دستیاب نہیں ہوتا ۔ میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دنیا کے تما م ترقی یافتہ ممالک اپنے آبی وسائل کی حفاظت کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کر رہے ہیں اور پانی کو زیادہ سے زیادہ دنوں تک ذخیرہ کر رہے ہیں مگر ہمارے ہاں ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کے ذریعے وقت گزاری ہو رہی ہے ۔پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہونگے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...