پنجاب میں عسکری دور کا آغاز،پروفیسر حسن عسکری نے نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلٖ اٹھا لیا

پنجاب میں عسکری دور کا آغاز،پروفیسر حسن عسکری نے نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے کا ...

لاہور (جنرل رپورٹر) پروفیسر حسن عسکری نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے حلف لیا،حسن عسکری نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ، ایوان وزیر اعلیٰ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی جس میں سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی تاہم ناسازی طبیعت کے باعث سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے تقریب میں شرکت نہ کی ۔قبل ازیں ڈاکٹر حسن عسکری نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔ نگراں وزیراعلی پنجاب پروفیسر حسن عسکری نے حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے،کوشش ہوگی کہ تمام جماعتوں کوقانون کے مطابق یکساں مواقع فرہم کیے جائیں اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مکمل طور پر غیر جانبدار رہ کر اپنا کردار ادا کرے گی۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔بعد ازاں نگران وزیر اعلیٰ کو ایوان وزیر اعلیٰ آمد پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا اور پھرانہوں نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج بھی سنبھال لیا ۔پروفیسر حسن عسکری ایک مشہور ماہر سیاسیات اور عسکری تجزیہ کار ہیں اور پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رے ہیں۔پروفیسر حسن عسکری مختلف ملکی اور بین الاقوامی اخبارات اور جرائد میں مختلف موضوعات پر لکھتے رہے ہیں اور وہ 35سال سے زائد عرصے سے شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔2010ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے بہترین خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

حسن عسکری

کوئٹہ(صباح نیوز)علاؤ الدین مری نے نگران وزیر اعلی بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گورنر ہاوس میں تقریب حلف برداری ہوئی جس میں اعلی سیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے علا الدین مری سے نگران وزیر اعلی کا حلف لیا۔نگران وزیراعلی بلوچستان علاؤالدین مری کا تعلق ضلع مستونگ سے ہے۔علاؤالدین مری نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ اور یونیورسٹی آف خضدار انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔نامزد نگران وزیراعلی بلوچستان علاؤالدین مری نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ذاتی کاروبارشرو ع کیا جس سے وہ اب تک منسلک ہیں۔

علاؤالدین مری

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)سندھ کی سات رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، گورنر محمد زبیر نے کابینہ اراکین سے حلف لیا۔ نگران کابینہ میں خیر محمد جونیجو، جمیل یوسف، ڈاکٹر جنید شاہ، کرنل (ر) دوست محمد چانڈیو، ڈاکٹر سعدیہ رضوی، سائمن جون ڈینیل اور مشتاق علی شاہ شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیراعلیٰ فضل الرحمن سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔بعدازاں نگران وزیر اعلیٰ سندھ و ارکان کابینہ نے مزار قائد پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کے بعدمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شفاف انتخابات کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤ س میں سیل قائم کر دیا جبکہ بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب کا ادارہ موجود ہے اورنیب آزادانہ اپنا کام کرتا ہے۔

سندھ نگران کابینہ

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...